مدینہ واقعہ، عمران خان سمیت 150 افراد کے خلاف مقدمات درج، شیخ راشد گرفتار

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مدینہ واقعہ، عمران خان سمیت 150 افراد کے خلاف مقدمات درج، شیخ راشد گرفتار، عامرشہریوں کی درخواستوں پر تھانہ فیصل آباد اور تھانہ نیوائر پورٹ اٹک میں مقدمات درج کئے گئے جب کہ رکن قومی اسمبلی شیخ راشد کو وطن واپسی پر رات ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔

عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہباز گل ،قاسم سوری سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ میں شعائر اسلام کی توہین کے الزام میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

مقدمات اندراج کے بعد پی ٹی آئی قیادت پر مقدموں اور گرفتاریاں شروع کردی گئیں، شیخ رشید کے بھتیجے اور پی ٹی آئی ایم این اے راشد شفیق کو رات اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے بعد انھیں فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔

مقدمے میں نامزد مزید ملزمان کو بھی گرفتار کیے جانے کا امکان ہے، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عمران خان اور شیخ رشید کی گرفتاری کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔

عمران خان اور دیگر کے خلاف تھانہ نیو ائر پورٹ اٹک میں بھی مقدمہ درج کیا گیا،اس مقدمہ میں بھی مراد سعید، فواد چوہدری، قاسم سوری، شیخ رشید اور دیگر نامزد کیے گئے ہیں،اس مقدمہ میں بھی شعائر اسلام کی توہین کے الزام شامل ہے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف ایک اور درخواست تھانہ مارگلہ پولیس کو بھی دی گئی ہے تاہم مارگلہ پولیس نے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی درخواست میں نامزد کیے گئے ہیں، درخواست گزار نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ والے معاملے کی پلاننگ پاکستان میں کی گئی، اس لیے سابق وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

رانا ثنا نے کہا ثبوت موجود ہوئے تو عمران خان اور شیخ رشید کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے، اب تک راولپنڈی اور فیصل آباد میں 2 مقدمات درج ہوئے ہیں، 50 کے قریب لوگوں نے مزید درخواستیں بھی دی ہیں۔

Comments are closed.