تمام طاقتیں اس کیس میں بے نقاب ہوچکیں، قوم کو سب پتہ ہے، شیخ رشید

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے تمام طاقتیں اس کیس میں بے نقاب ہوچکیں، قوم کو سب پتہ ہے، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کیا ہوا ہے کیوں ہوا ہے اور کس نے کیا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا اسی لئے میں نے 3 مہینے پہلے ہی کہا تھا کہ استعفے دے دو، نئے الیکشن کرادو، اسمبلی توڑ دو۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کے سارے فیصلے سے قوم میں مایوسی کی لہر دوڑی، گندی نالی کی اینٹوں کو اقتدار کے محل میں لگایا جا رہا ہے، بیرونی طاقتیں ہماری آزادی اور خودداری پر مسلط ہونا چاہتی ہیں.

وزیر داخلہ نے کہا بڑی طاقتیں اسی طرح عدم اعتماد کرتی ہیں اور بندوں کو خریدتی ہیں، پہلے بڑے چوروں کو صحت کے بہانے باہر بھگایا جاتا ہے، تمام طاقتیں اس کیس میں بے نقاب ہوچکی ہیں.

انھوں نے کہا قوم کو سب پتہ ہے کہ کیا ہوا ہے کیوں ہوا ہے اور کس نے کیا ہے، میں اس وقت بھی ٹھیک تھا جب کہتا تھا ایمرجنسی لگا دو گورنر راج لے آؤ، میں اب بھی کہتا ہوں کہ ہمیں یک زبان ہوکر مستعفی ہوجانا چاہئے.

شیخ رشید احمد نے کہا ان چوروں کے ساتھ ملک نہیں چل سکتا، ہمیں باہر نکلنا چاہئے اور قوم کو بتانا چاہئے کہ اپوزیشن والوں کے اصل چہرے کیا ہیں، یہ کرائے کے ٹٹو ہیں.

شیخ رشید احمد نے الزام لگایا کہ یہ وہ غیر سامراجی سنڈیاں ہیں جو اس ملک کی آزاد خارجہ پالیسی کو کھا جائیں گی، ان کے خلاف یہی ایک ہی حل ہے، آخری آپشن یہ ہے ہم استعفے دے دیں۔

Comments are closed.