فلائٹس اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی تقسیم پر پابندی عائد

53 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)جہازوں میں دوران فلائٹس اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی تقسیم پر پابندی عائد کردی گئی، پابندی کا فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے کیا گیاہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی شرح میں ایک بار پھر اچانک اضافے کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں بیماری کے ٹرینڈز کا جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی اجلاس میں کورونا کی بڑھتی صورتحال اور اضافے کی صورت میں مجوزہ بندشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ صوبوں خصوصا سندھ کے ساتھ بڑھتی وباء کے کنٹرول کے لیے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا ۔

این سی او سی کی جانب سے سول ایوی ایشن کو دوران پرواز ماسک کا استعمال اور دیگر این پی آئیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ 17 جنوری سے پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی سنیکس اور کھانا تقسیم کرنے پر پابندی ہوگی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکی طرف تمام صوبوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ کورونا کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے۔

اجلاس میں این سی او سی کی جانب سے تعلیمی اداروں، عوامی اجتماعات اور شادی ہالز میں این پی آئیز کے حوالے سے 17 جنوری کو خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شرکت کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں کورونا کی بلند ترین شرح کراچی میں ریکارڈ ہوا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں کورونا کی شرح 35.30 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

رپورٹس میں ذرائع کے حوالہ دے کر بتایا گیاہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حیدرآباد میں کورونا کیسز کی شرح 5.12 فیصد، گلگت میں 4.08 فیصد، مظفرآباد میں 11.90، میرپور میں 2.17 فیصد اور اسلام آباد میں یومیہ شرح 6.95 فیصد رہی۔

اسی طرح راولپنڈی میں 9.94 فیصد، لاہور میں 8.50 فیصد، کوئٹہ میں 0.95 فیصد، پشاور میں 5.43، ایبٹ آباد 2.36 فیصد، بنوں میں 1.01، مردان 0.71 فیصد، جب کہ گوجرانوالہ،ملتان، اسکردو اور دیامر میں یومیہ شرح صفر ہے۔

Comments are closed.