ترکی کی خاتون اول کی فلسطینی لڑکی مریم عفیفی کو ویڈیو کال

فوٹو: فائل سوشل میڈیا


انقرہ( ویب ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیبب اردوان کی اہلیہ امینہ اردوان نے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں حراست میں لئے جانے کے بعد مسکرانے والی فلسطینی لڑکی مریم عفیفی کو ویڈیو کال کرکے ان کی ہمت و حوصلے کی داد دی۔

تُرک میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کی خاتونِ اوّل امینہ اردوان نے مریم عفیفی کی بہادری پر اُن کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اور پورا ترکی فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے اور اُن کی ہر دُعا میں فلسطین لازمی شامل ہے۔

اس موقع پر امینہ اردوان نے کہا کہ مریم عفیفی کی ہمت اور حوصلہ پوری دُنیا کی خواتین کے لیے ایک مثال ہے اور آپ کے نڈر اور بے خوف انداز کی وجہ سے ناصرف ہمیں بلکہ پوری دُنیا کو آپ پر بیحد فخر محسوس ہوا۔

ترکی کی خاتونِ اوّل نے مریم عفیفی کو تُرکی آنے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ وہ تُرکی میں بھی فلسطینی موسیقی کی تعلیم دیں اور ترکی کے لوگوں کے جذبات کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔

انھوں نے فلسطینی لڑکی سے گفتگو میں کہاکہ صدر رجب طیب اردوان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ تھے اور آنے والے وقت میں اُن کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

ترکی کی خاتون اول سے گفتگو کرتے ہوئے مریم عفیفی نے خاتونِ اوّل امینہ اردوان کی ویڈیو کال اور اُن کی محبت پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے مریم عفیفی ایک فلسطینی گلوکارہ اور موسیقار ہیں، حال ہی میں جب اسرائیلی فورسز کی جانب سے بیت المقدس پر حملہ کیا گیا تھا تو مسجد اقصیٰ کے دفاع کے دوران اُنہیں اسکارف سے پکڑ کر گھسیٹا گیا۔

اُسی دوران مریم عفیفی اپنے بُلند حوصلے اور جذبے کے ساتھ اسرائیلی فورسز کے سامنے مُسکرا دیں جس کی ویڈیو اور تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔مریم عفیفی کا یہ جذبہ دیکھنے کے بعد دُنیا بھر سے انھیں داد تحسین ملی ۔

Comments are closed.