سلیکٹڈ کا متبادل تیار کیا جارہا ہے، مریم نواز


اسلام آباد ( زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کسی کا نام لئے بغیر بتایا ہے کہ عمران خان کا متبادل تیار کیا جارہاہے ۔

پی ڈی ایم کے دھواں دھار اجلاس اور لانگ مارچ ملتوی ہونے کے 24 گھنٹے بعد مریم نواز کا پہلا ٹوئٹ سامنے آیا ہے جس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہناہے کہ کل کا دن کسی طرح سے بھی برا نہیں تھا۔

مریم نواز کاکہنا ہے کہ سچی بات یہ ہے کہ اب سلیکٹڈ کو فکر مند ہونا چاہیے۔ سلیکٹڈ کی طاقت کم ہو رہی ہے اور اس کا متبادل تیار کیا جا رہا ہے۔

ٹوئٹ میں میں کسی جماعت یا شخصیت کانام لئے بغیر طاقت ور حلقوں سے کسی مبینہ ڈیل کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا گیا ہے اور اسے عمران خان کا متبادل بتایا گیاہے۔

واضح رہے کہ مریم نواز نے گزشتہ روز پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پیپلزپارٹی جب تک ہمیں جواب نہیں دیتی، میں اس پر کوئی قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتی۔

مریم نواز کی طرف سے متبادل تیار کرنے کے بیان کے بعد ابہام پیدا ہوا ہے کہ مریم نواز نے عمران خان کا کا متبادل کسے قرار دیاہے ؟ یہ سوال بھی پیدا ہوا ہے کہ کیا وہ اپنی بڑی اتحادی جماعت یا کسی لیڈر کی طرف اشارہ کررہی ہیں؟

پی ڈی ایم کے لانگ مارچ ملتوی ہونے اوراجلاس بد مزگی کے بعد ختم ہونے کے بعد مولانا فضل الرحمان اور ن لیگ کی طرف سے پیپلز پارٹی کے رویہ پر سوالات اٹھانے کاسلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے بھی یہ سوال اٹھایا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کی تقریر اجلاس کے دوران لیک کس نے کی ہے اس کابھی سوچنا چایئے۔

مریم نواز کی طرف سے عمران خان کے متبادل کے حوالے سے اگر اشارہ پیپلز پارٹی کی طرف ہوا تو پھر پی ڈی ایم میں دوبارہ اتفاق رائے کا امکان ختم ہو جائے گا کیونکہ سوچ اس حد تک چلی جائے تو ساتھ بیٹھنا مشکل ہو جاتاہے۔

Comments are closed.