نوازشریف کے کون کون سے اثاثے ضبط ہوں گے؟

ویب ڈیسک

اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف کے اثاثے قرقی( ضبط) کرنے کا حکم آگیا ،توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کااشتہاری سٹیٹس برقرار رکھتے ہوئے ان کی جائیداد سمیت گاڑیاں اور بنک اکاؤنٹس بھی قرقی کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد کی حتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں نیب حکام نے عدالتی حکم پر نواز شریف کے اثاثوں سے متعلق اہم ریکارڈ اکٹھا کرکے پیش کیا۔

توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کے جواثاثے قرقی کرنے کا جوحکم دیا ہے ان اثاثوں میں نواز شریف کی جائیداد، گاڑیاں اور بنک اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔

توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نمبر 3کے جج اصغر علی نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ مری میں نواز شریف کے نام بنگلہ اورشیخوپورہ میں 102کنال زرعی اراضی بھی قرق کی جائے۔

قرق کی جانے والی جائیداد میں نوازشریف کے نام لاہور میں 1650 کنال سے زائد زرعی اراضی ان کے زیر استعمال مرسیڈیز، لینڈ کروزر اور2ٹریکٹرز بھی شامل ہیں۔

احتساب عدالت نے لاہور کے نجی بینک میں نوازشریف کے نام پرملکی و غیرملکی اکاؤنٹس بھی قرق کرنے کا حکم دیا ہے۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر ملزمان عبدالغنی مجید، انور مجید نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی، عدالت نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کا بطور اشتہاری ملزم اسٹیٹس برقرار رکھا۔

Comments are closed.