نواز شریف بانڈدیں اورچلے جائیں،شیخ رشیداحمد


فوٹو: فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ ،وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کابینہ کا متفقہ فیصلہ ہے کہ نوازشریف بانڈ دیں اور بیرون ملک چلے جائیں۔

شیخ رشید احمد نے شریف فیملی پہلے بھی جائیداد بطور بانڈ رکھ کر باہر گئی تھی،حمزہ شہباز اْن کی ادائیگیاں بھی کرتے رہے، لوگ عبرت حاصل کریں گے کہ دولت کا انجام کیا ہوتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ میں تو کہتا ہوں کہ نوازشریف کو جانیں دیں، کیا فرق پڑے گا۔

نجی ٹی وی سماء سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا ہے اگر نواز شریف کو صحت عزیز ہے تو بانڈ دینے میں کیا مشکلات ہیں،بانڈ نہیں دیں گے تو یقیناً یہ عدالت جائیں گے،عدالت جو فیصلہ کرے گی وہ سب کو قابل قبول ہوگا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اتحادی ہیں،سائے کی طرح اْن کے ساتھ ہیں، دیانتداری سے سمجھتا ہوں کہ اس مسئلے کو متھے نہ لگاوٴ اور جان چھڑاوٴ، یہ مسئلہ حل ہوتا دیکھ رہا ہوں ، حل نہ ہوا تو بڑی خرابی ہوگی،انسانی صحت پر سیاست کرنا بڑی غیراخلاقی بات ہے۔

انھوں نے کہا کہ میاں صاحب صحت یاب ہو کر آئیں اور سیاست میں مقابلہ ہوگا، ملک سے باہر رہنا آسان نہیں ہے اس لئے نواز شریف واپس آجائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ دولت عمر کے آخری حصے میں سکون کے بجائے انسان کو ڈستی ہے۔

شیخ رشید نے واضح کیا کہ کابینہ اجلاس میں مریم نواز کے باہرجانے پر کوئی بات نہیں ہوئی، پہلے کہہ چکا ہوں کہ آصف زرداری نواز شریف سے زیادہ بیمار ہیں،زداری کا ضمانت کیلئے درخواست نہ دینا ضد کی سیاست ہے۔

شیخ رشید نے تجویز دی کہ اگر آصف زرداری بھی جانا چاہتے ہیں توعدالت سے رجوع کریں ، کورٹ میں بھی نہ جائیں اور رہائی کا مچلکا گھر آجائے،ایسا نہیں ہوسکتا۔

شیخ رشید نے کہا کہ فضل الرحمٰن جتنی جلدی دھرنا سے اْٹھ جائیں وہ اْن کیلئے بہتر ہوگا،مولانا کو خود سوچنا چاہییے کہ اسلام آباد میں خاصی سردی ہے، وہ لیڈر ہی نہیں جس کو اپنے کارکنوں کی مشکلات کا احساس نہ ہو،دنیا کی سیاست میں دھرنا دینا سب سے مشکل کام ہے۔

انھوں نے کہا کہ آزادی مارچ کا پلان بی سڑکیں بند یا لاک ڈاوٴن تصادم کا راستہ ہے، تصادم سے کھیل خراب ہوتا ہے، مولانا کو کھیل خراب نہیں کرنا چاہیے، معاملات خراب ہوئے تو نقصان فضل الرحمٰن اور اْن کی پارٹی کا ہوگا۔

Comments are closed.