نواز شریف کاحکومتی شرائط پر لندن جانے سے انکار


فوٹو :فائل

اسلام آباد( ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے حکومتی شرائط کے بعد لندن جانے سے انکار کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل نائنٹی ٹو نیوز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے انکار کے بعد اب شریف خاندان کا نواز شریف پر بیرون ملک علاج کیلئے جانے پر اصرار کیا جارہاہے۔

بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کی نواز شریف سے جاتی عمرہ میں ڈیڑھ گھنٹہ ملاقات ہوئی۔ نواز شریف نے حکومتی شرائط پر تحفظات کا اظہار کر دیا جس کے بعد نوازشریف کی کل بیرون ملک جانے کا امکان بہت کم رہ گیاہے۔

ذرائع کے مطابق کل کی تاریخ میں نواز شریف اور شہباز شریف کی لندن روانگی کنفرم نہ ہو سکی۔ ائیر ایمبولینس کو بھی پاکستان پہنچنے کی ہدایت نہیں دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خاندانی ذرائع کا اصرار ہے کہ حکومت جو بھی شرط رکھے وہ پوری کرکے میاں صاحب کو علاج کیلئے باہر جانا چایئے کیونکہ زندگی سب سے پہلے ہے اس پر ہر چیز کو اولیت دی جائے۔

ذرائع کے مطابق دوسری طرف حکومت بھی تذبذب میں مبتلا ہے اور وفاقی کابینہ میں وزراء کے تحفظات کے بعد ہی بانڈز بھرنے یا دیگر شرائط رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم شرائط کے ساتھ حتمی فیصلہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی تک چھوڑا گیا۔

پی ٹی آئی کے وزراء اس حوالے سے پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی کے بعد حکومت اور عدالت کے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کے حوالے دے کر روانگی کو مشروط کرنے پر زور دیتے رہے۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، نواز شریف کے دونوں بیٹے حسن نواز اور حسین نواز، شوکت عزیز ، پرویز مشرف اور حسین حقانی کی مثالیں سامنے ہیں جو پاکستان میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنے کی بجائے بیرون ملک قیام کو ترجیح دے رہے ہیں۔

Comments are closed.