گھر بیٹھے فلائٹ بکنگ، پی آئی اے نے موبائل ایپ متعارف کرادی


فوٹو:فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)آپ اگر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن سے سفر کرنا چاہتے ہیں تو اب ایئر پورٹ یا کسی ٹریول ایجنسی کے پاس دوڑنے کی ضرورت نہیں ہے، گھر بیٹھے فلائٹ کی بکنگ کرائیں ۔

قومی ایئر لائن نے صارفین کی سہولت کے لیے فلائٹ بْکنگ ایپلی کیشن متعارف کرا دی ہے پی آئی اے نے موبائل ایپ ترکی کی آئی ٹی کمپنی ’ہٹ اٹ‘ کے تعاون سے بنائی ہے۔

پی آئی اے کی اس متعارف کردہ ایپ سے صارفین کو فلائٹ بْکنگ کے علاوہ فلائٹ کے اسٹیٹس، فلائٹ کے اوقات کار اور بْکنگ کے حوالے سے دیگر معلومات بھی فراہم کی جائے گی اور فلائٹس کے حوالے سے سوالات کے جوابات بھی ملیں گے۔

اسمارٹ فون ایپ عام چھوٹے سے موبائل میں بھی ڈاون لوڈ کی جاسکتی ہے اس کا سائز 26 ایم بی ہے جسے اینڈرائڈ 4.1 اور اس سے زائد کے صارفین اپنے فون میں ڈاوٴن لوڈ کر سکیں گے۔

صارفین کیلئے یہ ایپ ترکی کی آئی ٹی کمپنی کی پاکستان انٹرنیشل ائیرلائن کے ساتھ شراکت داری کو ایک سال مکمل ہونے کی تقریب کے موقع پر متعارف کرائی گئی۔

اس حوالے سے پی آئی اے کے چیف ایگزیکیوٹو آفیسر ارشد ملک کا کہنا ہے کہ ہٹ اٹ نے کمپنی کو آمدنی پیدا کرنے میں مدد کی ہے، ہم ترکی کی آئی ٹی کمپنی کے ساتھ شراکت داری کو ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ایپ کے حوالے سے جیونیوز کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ اس موقع پر ترکش کمپنی کے سی ای او نور گوکمین کا کہنا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے مابین شراکت داری بہت آگے تک جائے گی اور یہ دونوں کمپنیوں میں خوشحالی لائے گی۔

پی آئی اے کی ایپ صارفین کے لیے گوگل پلے اسٹور پر میسر ہے، ایپ سے فی الحال اینڈرائڈ صارفین ہی استفادہ کر سکتے ہیں کیونکہ یہ ابھی ایپل اسٹور پر دستیاب نہیں ہے اور پاکستان میں صارفین کی ایک بہت بڑ ی تعداد اینڈرائڈ ہی استعمال کرتی ہے۔

Comments are closed.