وزیراعظم کی نواز شریف کو علاج کی ہر مکن سہولیات فراہمی کی ہدایت



اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی نواز شریف کو علاج کی ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جب کہ صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا ہے نواز شریف بیرون ملک علاج کاکہیں تو بھی انکار نہیں ہوگا۔

نواز شریف کے علاج کے حوالے سے وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب سے رابطہ کرکے اب تک علاج کی تفصیلات طلب کی ، وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نواز شریف کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہ کی جائے،عمران خان نے سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہیں کہ ان کے خاندان کے افراد کی منشا کے مطابق انھیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

ادھرمعاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنی ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے محمد نواز شریف کی صحت کے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات طلب کی ہیں

انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہیں کہ ان کے خاندان کے افراد کی منشا کے مطابق انھیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم نے ان کی صحت یابی کیلئے دعا اور نیک تمناوٴں کا اظہار کیا ہے۔


نوازشریف کے بیرون ملک علاج سے بھی انکار نہیں

دوسری طر ف صوبائی وزیر صحت یاسیمن راشد نے کہا ہے کہ میں نواز شریف کے پاس حکومت کا پیغام لے کر گئی تھی کہ وہ جہاں سے چاہیں علاج کرا سکتے ہیں لیکن انہوں نے باہر جانے کا کوئی ذکر نہیں کیا۔

سروسز ہسپتال میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے بتایا ہے کہ وہ علاج سے مطمئن ہیں۔ وہ اگر باہر جانے کا ذکر کرتے تو میں ان کی بات پہنچا دیتی لیکن انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔

یاسمین راشد نے کہا ہم بیماری کی صیح تشخیص چاہتے ہیں لیکن اس میں وقت لگتا ہے۔ کسی بھی مریض کے جب پلیٹ لیٹس گرتے ہیں تو احتیاطی تدابیر کی جاتی ہے۔ احتیاط کے طور پر نواز شریف کو ٹوتھ برش اور شیو نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ جب نواز شریف نے صبح برش کیا تھا تو ہلکا سا خون نکلا تھا۔ الحمد اللہ نواز شریف کا اس وقت بلڈ پریشر نارمل ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ میں ایک ڈاکٹر ہوں کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرونگی۔ ہم کیوں کسی کا برا چاہیں گے۔ سیاست کا مقصد یہ نہیں کہ ہم ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا اگر نواز شریف بیرون ملک کا کہیں گے تو پھر ہمیں اور کم از کم میری طرف سے کوئی انکار نہیں ہوگا تاہم جو بھی ہوگا قانون کے مطابق ہوگا۔

میری نواز شریف کیساتھ پندرہ منٹ تک ملاقات ہوئی۔ میاں صاحب نے کہا ڈاکٹرز نے بہت محنت کی۔ نواز شریف سہولیات کے حوالے سے مطئمن ہیں۔

Comments are closed.