برطانوی جوڑے نے پاکستان کا روشن چہرہ دکھایا، فضل الرحمان نے مسلح جتھے

سیالکوٹ (ویب ڈیسک) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے ایک طرف برطانوی شاہی جوڑے نے دنیا کو  پاکستان کا روشن چہرہ دکھایا تو دوسری طرف مولانافضل الرحمان دنیا کو مسلح جتھے دکھا رہے ہیں ۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرس میں فردوس عاشق اعوان نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اعلان کردہ آزادی مارچ کے حوالے سے مختلف طرز کی بات کرکے سوچ کے نئے رخ کی طرف اشارہ کیا ۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام عالمی ادارے پاکستان کی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں جب کہ اپوزیشن کے سیاسی یتیم معیشت کو تباہ کرنا چاہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی معاشی پالیسیاں پاکستان میں استحکام لا رہی ہیں، ملک کی برآمدات تقریباً14 فیصد بڑھی ہے لیکن اپوزیشن کے سیاسی یتیم معاشی استحکام کو جام کرنا چاہتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ مٹھی بھر عناصر اپنی ذات سے جڑا بیانیہ لے کر گھوم رہے ہیں لیکن اگر عوام کے جان و مال کو کوئی خطرہ ہوگا تو ریاست حرکت میں آئے گی اور اپوزیشن کےتمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اگلےتین ماہ پاکستان کے لیے اہم ہیں کیونکہ مثبت چہرہ دنیا کو دکھانا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی طیارے گرا کر اپنی صلاحیت منوا چکا ہے اس لیے بھارت کو پاکستان کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کا اندازہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوایل او سی کے اُس پار آباد لوگوں کا خیال رکھتا ہے لیکن اس کے باجود بھی بھارت کو ہرسفارتی محاذ پر پاکستان کے ہاتھوں ناکامی ہوئی ہے۔

Comments are closed.