پرویز رشید سینیٹ الیکشن کیلئے نااہل قرار، فیصل ووڈا کو کلیئرنس مل گئی
اسلام آباد(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید کو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما فیصل ووڈا کو کلیئرنس مل گئی ہے۔
پرویز رشید نے ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف
لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں اپیل دائر کی تھی جس کی آج سماعت ہوئی ۔
ہائیکورٹ کےالیکشن ٹریبونل کے جسٹس شاہد وحید نے پرویز رشید کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا اور ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو برقرار رکھا اور اپیل مسترد کرتے ہوئے پرویز رشید کو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
پرویز رشید نے ٹریبونل کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات رکوانے ہوں تو کہتے ہیں پرویز رشید سے پیسے لینے ہیں اور پرویز رشید پیسے دینے آئے تو کہیں پیسے نہیں لینے.
انھوں نے الزام لگایا کہ پنجاب ہاؤس کی انتظامیہ انصاف والوں کی انتظامیہ ہے، اس فیصلے کے خلاف میں سپریم کورٹ میں گیا ہوا ہوں اور جب تک سپریم کورٹ فیصلہ نہیں کرتی وہ پیسے میری ذمہ داری نہیں بنتی۔
اس سے قبل پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی کے وکیل نے اعتراض کیا تھا اور ریٹرننگ افسر نے پنجاب ہاؤس انتظامیہ کا نادہندہ ہونے کی بنا پر ان کے کاغذات مسترد کیے تھے۔
ادھر سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کے لیے پی ٹی آئی رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل مسترد کردی۔
الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کے لیے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف قادر خان مندوخیل کی اپیل پر آج سماعت کی۔
الیکشن ٹریبونل نے سماعت کے بعد وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف قادر مندوخیل کی اپیل کو مسترد کردیا اور پی ٹی آئی رہنما کی نامزدگی کو درست ٹھہراتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن کے لیے اہل قرار دیا۔
الیکشن ٹریبونل نے ووڈا کو اہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاغذات نامزدگی سے متعلق ہمارے اختیارات محدود ہیں لہٰذا اپیل کنندہ چاہے تو آئینی دراخوست دائر کر سکتا ہے۔
Comments are closed.