اسلام آباد میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 4 زخمی، مقدمہ درج، ڈرائیور فرار
فوٹو :سوشل میڈیا
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے بہارہ کہو میں پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثے میں ملوث گاڑی کو تحویل میں لے لیا ہے۔ فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بہارہ کہو کے علاقے اٹھال چوک کے قریب ایک تیز رفتار لینڈ کروزر گاڑی دو گاڑیوں اور دو موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے دو افراد کی شناخت محمد فضل اور عامر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
پولیس کے مطابق حادثے میں ملوث لینڈ کروزر مری سے اسلام آباد آ رہی تھی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی موقع پر چھوڑ کر فرار ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب بہارہ کہو پولیس نے واقعے کا مقدمہ جاں بحق نوجوان عامر کے چچا صدرو کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق مدعی کو رات ساڑھے گیارہ بجے حادثے کی اطلاع ملی، جس کے بعد وہ پمز اسپتال پہنچے۔
ایف آئی آر کے مطابق لینڈ کروزر اور ایکوا گاڑی کے درمیان مبینہ طور پر ریس لگی ہوئی تھی اور لینڈ کروزر کے ڈرائیور نے غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے سڑک کنارے کھڑے افراد کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں عامر سمیت 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 4 زخمی، مقدمہ درج، ڈرائیور فرار
Comments are closed.