گرمی کی لہر کہاں کہاں ستم ڈھا رہی ہے، کس علاقے میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات
فوٹو : اے آئی
اسلام آباد: گرمی کی لہر کہاں کہاں ستم ڈھا رہی ہے، کس علاقے میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات کے اعلامیہ میں تازہ ترین صورتحال سامنے آئی ہے اور سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت 49 تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے.
محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقے گرم،جنوبی اضلاع گردآلود ہواؤں کی زد میں، سندھ اور جنوبی بلوچستان میں درجہ حرارت 45 سے 49 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے.
وفاقی دارالحکومت میں مطلع ابرآلود،بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ برسات کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار ہے.
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب ،سندھ اور جنوبی بلوچستان کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، میدانی اور جنوبی اضلاع میں دن کے وقت گرم لو اور گردآلود ہوائیں چلیں گی۔
سکھر ،نوابشاہ۔لاڑکانہ،بے نظیر آباد، سبی، جیکب آباد سمیت بہاولپور۔ملتان،بہاولنگر اور رحیم یار خان میں موسم شدید گرم رہے گا،
بیشترمقامات کا درجہ حرارت 45 سے 47 ڈگری کے درمیان رہے گا تاہم دن کے وقت درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
کشمیر،گلگت بلتستان ، خطہ ٔپوٹھوہار اور شمال مشرقی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، مری اور گلیات کا موسم قدرے بہتر رہے گا تاہم اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بابوسر روٹ کو تین روز کے لیے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے ۔ترجمان جی بی پولیس نے بتایا کہ آج سے 2 جون تک زیرو پوائنٹ، بابوسر اور لولوسر کے درمیان ہر قسم کی آمدورفت معطل رہے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ بابوسر ٹاپ اور گیٹی داس کے مقامات پر برف ہٹانے، ملبہ صاف کرنے اور سڑک کو دو رویہ بنانے کی وجہ سے ٹریفک کو بند کیا گیا ہے۔اس دوران سیاح، مسافر متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔
Comments are closed.