آئی پی ایل کے ٹُلے انگلینڈ میں نہ چل سکے ، انڈیا چوتھا ٹی20 بھی ہار گیا

فوٹو: کرک انفو

اسلام آباد: آئی پی ایل کے ٹُلے انگلینڈ میں نہ چل سکے ، انڈیا چوتھا ٹی20 بھی ہار گیا،انگلینڈ نے چوتھے ٹی20 میچ میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان شری یاس ایئر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ شیوام دوبے 22 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ابھیشک شرما، سوریا ونشی، ایشان کشن اور تلک ورما خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور جلد پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور جوش ٹنگ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ دیگر باؤلرز نے بھی بھارتی بیٹنگ لائن کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے جارحانہ آغاز کیا۔ اگرچہ جوز بٹلر 13 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، تاہم اوپنر فل سالٹ اور کپتان ہیری بروک نے بھارتی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔ دونوں نے دوسری وکٹ کی ناقابل شکست 146 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو صرف 13.5 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔

کپتان ہیری بروک نے صرف 35 گیندوں پر 79 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، جبکہ فل سالٹ نے 59 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

اس شاندار فتح کے ساتھ انگلینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی، جبکہ بھارت کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سیریز کے باقی دو میچ اب محض رسمی حیثیت اختیار کر گئے ہیں، تاہم بھارتی ٹیم اپنی ساکھ بچانے کے لیے اگلے مقابلوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔

Comments are closed.