سوات ایکسپریس وے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 16 مسافر جاں بحق، 7 زخمی

فوٹو : سوشل میڈیا 

مینگورہ : خیبرپختونخوا میں سوات ایکسپریس وے پر اسماعیلہ کے قریب مسافر وین اور کھڑی بس کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب راولپنڈی سے دیر جانے والی مسافر وین تیز رفتاری کے باعث سڑک کنارے کھڑی بس کے عقب سے جا ٹکرائی۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ وین ڈرائیور کی غفلت اور ممکنہ طور پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور متعدد مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق کراچی سے بونیر جانے والی مسافر بس سڑک کنارے کھڑی تھی کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والی وین اس سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں، موٹروے پولیس اور مقامی افراد فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

سوات ایکسپریس وے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 16 مسافر جاں بحق، 7 زخمی

Comments are closed.