چین میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں بڑا اضافہ، اپریل میں 13 لاکھ سے زائد NEVs فروخت

چین میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں بڑا اضافہ، اپریل میں 13 لاکھ سے زائد NEVs فروخت

فوٹو : شنہوا

بیجنگ: چین میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں (NEVs) کی پیداوار اور فروخت میں اپریل 2026 کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کی برآمدات میں بھی غیر معمولی تیزی دیکھی گئی۔

چینی خبر رساں ادارے سنہوا کے مطابق چائنا ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز (CAAM) نے بتایا ہے کہ اپریل میں نئی توانائی گاڑیوں کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں 5.5 فیصد اضافے کے ساتھ 13 لاکھ 20 ہزار یونٹس تک پہنچ گئی۔

اسی دوران NEVs کی فروخت میں 9.7 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی فروخت 13 لاکھ 40 ہزار یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں چین میں فروخت ہونے والی مجموعی نئی گاڑیوں میں الیکٹرک اور نئی توانائی گاڑیوں کا حصہ 53.2 فیصد رہا، جو ملک میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے بڑھتے رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران چین میں مجموعی آٹو پیداوار 96 لاکھ 10 ہزار جبکہ فروخت 95 لاکھ 70 ہزار یونٹس رہی۔

اسی عرصے میں نئی توانائی گاڑیوں کی پیداوار 42 لاکھ 90 ہزار اور فروخت 43 لاکھ یونٹس تک پہنچ گئی، جو چینی آٹو مارکیٹ میں NEVs کی مسلسل بڑھتی مقبولیت کا ثبوت ہے۔

چین کی گاڑیوں کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔ جنوری سے اپریل تک گاڑیوں کی برآمدات 61.5 فیصد اضافے کے بعد 31 لاکھ 30 ہزار یونٹس تک پہنچ گئیں، جبکہ نئی توانائی گاڑیوں کی برآمدات میں 120 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا اور یہ تعداد 13 لاکھ 80 ہزار یونٹس تک جا پہنچی۔

چائنا ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل چن شیہوا کے مطابق اپریل میں گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت میں سالانہ بنیاد پر معمولی کمی دیکھی گئی، تاہم ابتدائی چار ماہ کے مجموعی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں استحکام آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے حالیہ پالیسی اقدامات مقامی آٹو ڈیمانڈ بڑھانے، برآمدات کو مستحکم کرنے اور آٹو انڈسٹری کی اعلیٰ معیار کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

چین میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں بڑا اضافہ، اپریل میں 13 لاکھ سے زائد NEVs فروخت

Comments are closed.