ایران۔امریکا مذاکرات، یورپی یونین کے سفیر کی مثبت پیشگوئی، دوسرے دور میں معاہدے کا امکان

ایران۔امریکا مذاکرات، یورپی یونین کے سفیر کی مثبت پیشگوئی، دوسرے دور میں معاہدے کا امکان

فوٹو : فائل

اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں ایران۔امریکا مذاکرات، یورپی یونین کے سفیر کی مثبت پیشگوئی، دوسرے دور میں معاہدے کا امکان ظاہر کیا گیاہےاور کہا ہے کہ آج یا کل تک یہ مثبت امکانات موجود ہیں۔

پاکستان کی میزبانی میں جاری ایران اور امریکا کے امن مذاکرات کے حوالے سے یورپی یونین کے سفیر  Raimundas Karoblis نے نہایت حوصلہ افزا پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں فریقین کے درمیان معاہدہ طے پانے کے واضح امکانات موجود ہیں۔

نجی ٹی وی پروگرام ’روبرو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مذاکرات کے پہلے راؤنڈ کی ناکامی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کیا اور واضح کیا کہ وہ اس تاثر سے متفق نہیں کہ ابتدائی مرحلہ بے نتیجہ رہا۔ ان کے مطابق پہلے دور میں ہونے والی پیش رفت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا بلکہ یہ آئندہ پیش رفت کے لیے بنیاد فراہم کر رہی ہے۔

یورپی سفیر نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے اگلے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا سکتا ہے، جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج یا کل تک ان مذاکرات کے مثبت نتائج عالمی سطح پر سامنے آ سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک خطے میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں اور اس حوالے سے پاکستان کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ان کے بقول اسلام آباد میں ہونے والی یہ پیش رفت نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ علاقائی استحکام کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

تاہم انہوں نے اس امر کی نشاندہی بھی کی کہ ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات کی تاریخی پیچیدگیوں کے باعث کسی حتمی معاہدے تک پہنچنا آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ Iranian Revolution کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ممالک اس نوعیت کے باضابطہ رابطے میں آئے ہیں، اس لیے کئی دہائیوں پر محیط اختلافات کو فوری طور پر حل کرنا مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔

رائمنڈس کرابلس نے زور دیا کہ اس سفارتی عمل کو محض ایک نشست کی بنیاد پر ناکام قرار دینا مناسب نہیں، بلکہ یہ ایک طویل اور تدریجی عمل ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والی یہ ملاقاتیں خطے کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور اس وقت عالمی برادری کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔

یورپی یونین کے سفیر کے مطابق اس سفارتی پیش رفت کے اثرات جلد نمایاں ہوں گے، جس سے نہ صرف ایران اور امریکا کے تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ عالمی امن و استحکام کو بھی تقویت ملے گی۔

Comments are closed.