ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے، امریکی وفد ہفتہ کی صبح روانہ ہوگا

فوٹو : اسکرین شاٹ 

اسلام آباد: ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے، امریکی وفد ہفتہ کی صبح روانہ ہوگا، پاکستان پہنچنے پر اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عباس عراقچی کا استقبال کیا.

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی ان کے ہمراہ ہیں، ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ مسقط اور ماسکو بھی جائیں گے، دورے کا مقصد شراکت داروں سے مشاورت ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی پاکستان آمد کی باضابطہ تصدیق کر دی۔ ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی ایرانی وفد کی قیادت کریں گے اور وہ اسلام آباد میں امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات اور دیگر معاملات پر حکام سے مشاورت اور تبادلہ خیال کریں گے۔ ایرانی وزیرخارجہ وزیراعظم شہبازشریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کریں گے۔

اُدھروائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے امریکی میڈیا کو پریس بریفنگ کے دوران امن مذاکرات میں امریکی وفد کی شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہفتے کی صبح مذاکرات کے لیے پاکستان روانہ ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کے مطابق ایران نے اس حوالے سے خود رابطہ کیا اور بالمشافہ ملاقات کی درخواست کی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ نائب امریکی صدر جے ڈی وینس امریکا میں موجود رہ کر صورت حال پر نظر رکھیں گے اور ضرورت پڑنے پر سب کو پاکستان روانگی کے لیے اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان روانگی سے پہلے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ’ایکس‘ پر بتایا تھا کہ وہ اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان دوروں کا مقصد اپنے قریبی شراکت داروں سے رابطہ اور خطے میں جاری پیش رفت پر مشاورت کرنا ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران اپنی سفارتی حکمت عملی میں پڑوسی ممالک کو ترجیح دیتا ہے اور یہ دورے اسی پالیسی کے تحت کیے جارہے ہیں۔

ادھر، حکومتی ذرائع کے مطابق امریکی لاجسٹک اور سیکیورٹی ٹیم بھی اسلام آباد میں ہی موجود ہے اور قوی امکان ہے کہ امریکا-ایران مذاکرات کا دوسرے دور جلد ہی شروع ہوسکتا ہے۔

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے جمعے کے روز پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے۔

Comments are closed.