امریکی فوج نے 3 تیل بردار ایرانی بحری جہاز روک لئے، کُل 31 جہاز روکے
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد: امریکی فوج نے 3 تیل بردار ایرانی بحری جہاز روک لئے، کُل 31 جہاز روکے اور ان رُخ تبدیل کیا گیا ہے، ایرانی جہاز بھی ایران سے دور روک کر ان کا رخ تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق شپنگ اور سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی بھارت، ملائیشیا اور سری لنکا کے قریب سمندری حدود میں کی گئی ہے،
امریکہ کی ریکی افواج نے اب تک مجموعی طور پر 31 بحری جہازوں کو واپس مڑنے یا بندرگاہوں پر لوٹنے کا حکم دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واشنگٹن نے ایران کی سمندری تجارت پر پہلے ہی ناکہ بندی نافذ کر رکھی ہے، جبکہ دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو روکنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کو دو ماہ بیت چکے ہیں اور موجودہ غیر یقینی جنگ بندی کے دوران امن مذاکرات کی بحالی کے آثار تاحال کم نظر آ رہے ہیں۔
آبنائے ہرمز میں کشیدگی عروج پر، ایرانی پاسداران 3 تجارتی جہازوں پر حملے، دو تحویل میں لے لیے
آبنائے ہرمز کی بندش سے دنیا بھر میں تیل اور گیس کی سپلائی کا پانچواں حصہ متاثر ہوا ہے جس سے توانائی کا عالمی بحران پیدا ہو گیا ہے، حالیہ دنوں میں امریکی افواج نے ایران کے ایک مال بردار جہاز اور ایک آئل ٹینکر کو اپنی تحویل میں لیا ہے۔
جواب میں ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بدھ کے روز خلیج سے باہر جانے والے دو کنٹینر جہازوں پر فائرنگ کے بعد انہیں پکڑ لیا ہے۔ یہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران کی جانب سے جہاز قبضے میں لینے کا پہلا واقعہ ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی اور بھارتی شپنگ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا نے ایران کے تین مزید ٹینکرز کا رخ موڑا ہے۔
ان جہازوں میں ’ڈیپ سی‘ نامی ایک بڑا ٹینکر شامل ہے جو خام تیل سے لدا ہوا تھا اور اسے آخری بار ایک ہفتہ قبل ملائیشیا کے ساحل کے قریب دیکھا گیا تھا، اس کے علاوہ ’سیوین‘ نامی چھوٹے جہاز کو بھی روکا گیا ہے جو اپنی گنجائش کا 65 فیصد تیل لے کر جا رہا تھا۔
تیسرا بڑا ٹینکر ’ڈورینا‘ ہے جس میں 20 لاکھ بیرل خام تیل موجود تھا اور اسے تین روز قبل جنوبی بھارت کے ساحل کے قریب دیکھا گیا تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ ڈورینا ٹینکر ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس کے بعد اب وہ بحر ہند میں امریکی بحریہ کے ایک جنگی جہاز کی نگرانی میں ہے۔
U.S. forces have directed 31 vessels to turn around or return to port as part of the U.S. blockade against Iran. 🇺🇸 pic.twitter.com/lG5ACEt7LR
— U.S. Central Command (@CENTCOM) April 23, 2026
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی فوج نے ’دریا‘ نامی ایک اور ٹینکر کو بھی روکا ہے جو بھارت میں اپنا سامان اتارنے میں ناکام رہا تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق جب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی شروع ہوئی ہے، امریکی افواج نے اب تک مجموعی طور پر 31 بحری جہازوں کو واپس مڑنے یا بندرگاہوں پر لوٹنے کا حکم دیا ہے۔
Comments are closed.