ایران امریکہ مزاکرات انتظامات، ریڈ زون کے تمام سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم
فوٹو : فائل
اسلام آباد: ایران امریکہ مزاکرات انتظامات، ریڈ زون کے تمام سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم ہو گا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے حساس ترین علاقے ریڈ زون میں قائم تمام وفاقی دفاتر کے لیے کل (22 اپریل) ورک فرام ہوم کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفاتر مکمل طور پر بند نہیں ہوں گے، تاہم معمول کا دفتری نظام معطل رہے گا اور تمام امور گھروں سے انجام دیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ریڈ زون میں واقع وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری اداروں کے افسران اور سیکرٹریل اسٹاف اپنے اپنے اسٹیشن پر موجود رہیں گے اور ہر وقت دستیاب ہوں گے۔
حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ضرورت کے پیشِ نظر افسران کو مختصر نوٹس پر فوری طور پر دفاتر طلب کیا جا سکتا ہے۔
کابینہ ڈویژن نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اندرونی رابطہ نظام کو فعال رکھیں اور سرکاری امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ میڈیا کے ذریعے عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی افواہوں سے بچا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کے باعث کیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں اور حساس تنصیبات کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ اقدام اٹھایا ہے۔
واضح رہے کہ ریڈ زون میں اہم سرکاری عمارتیں، سفارتی مشنز اور پارلیمنٹ سمیت ملک کے حساس ادارے واقع ہیں، جہاں سیکیورٹی کو ہمیشہ اعلیٰ سطح پر رکھا جاتا ہے۔ ماضی میں بھی غیر معمولی حالات کے دوران اسی نوعیت کے اقدامات کیے جاتے رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
اسلام آباد کا ریڈ زون
اسلام آباد کا ریڈ زون ملک کا سب سے محفوظ اور حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے، جہاں پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوانِ صدر اور اہم وزارتیں واقع ہیں۔ کسی بھی سیکیورٹی الرٹ یا سیاسی صورتحال کے پیش نظر یہاں نقل و حرکت محدود یا دفتری سرگرمیوں میں رد و بدل کیا جاتا ہے۔
Comments are closed.