آبنائے ہرمز میں کشیدگی عروج پر، ایرانی پاسداران 3 تجارتی جہازوں پر حملے، دو تحویل میں لے لیے

فوٹو :سوشل میڈیا 

اسلام آباد: آبنائے ہرمز میں کشیدگی عروج پر، ایرانی پاسداران 3 تجارتی جہازوں پر حملے، دو تحویل میں لے لیے گئے، اسلامی انقلابی گارڈ کور (پاسداران انقلاب) کی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں تین مختلف تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ادارے UK Maritime Trade Operations (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق پہلا واقعہ عمان کے شمال مشرق میں تقریباً 15 بحری میل کے فاصلے پر پیش آیا، جہاں پاسداران انقلاب کی ایک گن بوٹ نے یونانی کمپنی کے کنٹینر بردار جہاز “ایپامینونڈاس” پر فائرنگ کی۔ حملے کے نتیجے میں جہاز کے برج کو شدید نقصان پہنچا۔

دوسرے واقعے میں پانامہ کے پرچم بردار جہاز “یوفوریا” کو ایران کے مغربی ساحل کے قریب تقریباً آٹھ بحری میل کے فاصلے پر نشانہ بنایا گیا۔ Vanguard اور یو کے ایم ٹی او کے مطابق جہاز کا عملہ محفوظ رہا اور کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یہ جہاز متحدہ عرب امارات میں قائم ایک کمپنی کی ملکیت ہے۔

تیسرا حملہ پانامہ کے ہی ایک اور جہاز “ایم ایس سی فرانسسکا” پر کیا گیا، جو اس وقت آبنائے ہرمز سے خلیج عمان کی طرف جا رہا تھا۔ وینگارڈ کے مطابق جہاز کے ہل اور رہائشی حصے کو نقصان پہنچا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ “ایم ایس سی فرانسسکا” اور “ایپامینونڈاس” کو تحویل میں لے کر ایرانی ساحل کی طرف منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایران نے ان جہازوں پر بغیر اجازت گزرنے اور نیویگیشن سسٹم میں مداخلت کے الزامات عائد کیے ہیں۔

ایرانی میڈیا اور پاسداران انقلاب سے وابستہ خبر رساں ادارے فارس کے مطابق آبنائے ہرمز میں نظم و سلامتی کو متاثر کرنا “سرخ لکیر” قرار دیا گیا ہے، اور خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

Comments are closed.