وفاقی کابینہ کا منگل کو اجلاس طلب،27نکاتی ایجنڈا تیار

اسلام آباد(زمینی حقائق )وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کر لیا، 27 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا۔

کابینہ کے اجلاس میں احتساب عدالت نمبر 2 راولپنڈی کی بطور احتساب عدالت نمبر تین اسلام آباد منتقلی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، ریوینو ڈویڑن ایف بی آر میں اصلاحات کے مجوزہ پلان پر کابینہ کو بریفنگ دے گا۔

وفاقی کابینہ قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام میں ہونے والی پیشرفت پر بھی غورکرے گی جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ پر ٹاسک فورس کا قیام بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔

وفاقی کابینہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کے سربراہان کی تقرری کے معاملے پر بھی غور کرے گی، "انٹرنینمنٹ اور گفٹ” کے لیے بجٹ ختم کرنے کی بھی منظوری دی جائے گی۔

مختلف ایئرلائنز اور نجی چارٹرز کے لائسنس کی منظوری اور توسیع بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ وفاقی کابینہ ڈیبٹ پالیسی کورآرڈینیشن آفس کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کی بھی منظوری دے گی۔

اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظرثانی کے لیے بنائے گئے کمیشن میں تبدیلی کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔ وفاقی کابینہ قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ازسرنو تشکیل کی بھی منظوری دے گی۔

وفاقی کابینہ وزارت بین الصوبائی رابطہ اور وزارت اطلاعات کے درمیان یوتھ ڈویلپمینٹ کے معاہدے اور کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت مواصلات اسٹریٹجی تشکیل دینے کی بھی منظوری د ی جائے گی۔

Comments are closed.