امریکہ نے ضبط شدہ ایرانی جہاز کے 22 اہلکار پاکستان منتقل کر دیے، جلد ایران واپسی کا امکان

امریکہ نے ضبط شدہ ایرانی جہاز کے 22 اہلکار پاکستان منتقل کر دیے، جلد ایران واپسی کا امکان

فوٹو : سوشل میڈیا

واشنگٹن/اسلام آباد: امریکہ نے ضبط کیے گئے ایرانی کنٹینر جہاز ایم وی توسکا کے 22 رکنی عملے کو پاکستان منتقل کر دیا ہے، جس کی تصدیق پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی کر دی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے بتایا کہ یہ اقدام عملے کو محفوظ طریقے سے ان کے وطن ایران واپس بھیجنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق جہاز کے 6 دیگر مسافر، جو عملے کے اہل خانہ تھے، گزشتہ ہفتے ہی ایک علاقائی ملک منتقل کیے جا چکے تھے تاکہ ان کی بھی واپسی ممکن بنائی جا سکے۔

کیپٹن ہاکنز نے بتایا کہ 19 اپریل کو امریکی بحریہ نے اس وقت کارروائی کی جب جہاز نے آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی کو نظر انداز کرتے ہوئے چھ گھنٹے تک وارننگز کو نہیں مانا۔ بعد ازاں ایک امریکی جنگی جہاز نے کنٹینر شپ کے انجن روم پر فائرنگ کی، جس کے بعد امریکی میرینز نے جہاز پر چڑھائی کر کے اسے تحویل میں لے لیا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق منتقل کیے گئے 6 افراد عملے کے کچھ ارکان کے اہل خانہ تھے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کی تحویل بھی اس کے اصل مالکان کو واپس دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ یہ پیش رفت امریکا کی جانب سے اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر سامنے آئی ہے۔ ان کے مطابق ایرانی عملے کو پاکستانی حدود میں منتقل کرنے کے بعد انہیں ایرانی حکام کے حوالے کیا جا رہا ہے، جبکہ جہاز کی مرمت کے بعد اسے بھی مالکان کے سپرد کر دیا جائے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان تعاون سے یہ عمل مکمل کیا جا رہا ہے اور پاکستان ایسے اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہے جو خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارت کاری، مکالمے اور ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا۔

امریکہ نے ضبط شدہ ایرانی جہاز کے 22 اہلکار پاکستان منتقل کر دیے، جلد ایران واپسی کا امکان

Comments are closed.