پاکستان و ایران کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ، علاقائی استحکام و سفارتکاری پر اتفاق

فوٹو : سوشل میڈیا

اسلام آباد، تیانجن: پاکستان و ایران کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ، علاقائی استحکام و سفارتکاری پر اتفاق، اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، پاکستان کے وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن اور استحکام کے لیے تمام فریقوں کو مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کو ترجیح دینی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے جون 2026 میں اسلام آباد میں طے پانے والی پاک ایران مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ تجارت، سرحدی تعاون، توانائی، رابطہ کاری اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دی جا سکے۔

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے متوازن، ذمہ دارانہ اور تعمیری سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

عباس عراقچی نے ایرانی ماہی گیروں اور عملے کے ان ارکان کی محفوظ واپسی میں پاکستان کے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا، جو امریکی حکام کی جانب سے روکے گئے جہازوں پر سوار تھے۔

انہوں نے ایران، پاکستان، امریکا اور دیگر متعلقہ حکام کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے ان افراد کی محفوظ آمدورفت اور وطن واپسی کو ممکن بنانے پر بھی پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشاورت جاری رکھنے، دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments are closed.