آئیڈیا کا اجلاس، تنظیم کی رجسٹریشن سمیت اہم فیصلے کئے گئے
فوٹو : زمینی حقائق
اسلام آباد: راولپنڈی اسلام آباد میں ٹی وی چینلز کے اسائنمنٹ ایڈیٹرز اور کاپی ایڈیٹرز کی تنظیم اسلام آباد ڈیسک ایڈیٹرز ایسوسی ایشن (آئیڈیا) کا اہم اجلاس آج (منگل 5 مئی 2026) صدر محبوب الرحمان تنولی کی زیر صدارت نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت راجہ عدنان نے حاصل کی۔
اجلاس میں تنظیمی امور، ممبرشپ، رجسٹریشن اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تنظیم کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
صدر محبوب الرحمان تنولی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے لیے منشور نظرثانی کرکے اسے تنظیمی تقاضوں کے مطابق بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں تنظیمی امور منشور کے مطابق چلائے جا سکیں ، انھوں نے کہا تنظیم کی رجسٹریشن، ممبرشپ کی توسیع کیلئے فوری طور پر مختلف کمیٹیوں کی تشکیل ضروری ہے تاکہ یہ امور جلد نمٹائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تنظیم کی ویب سائٹ بنانے کی بھی ضرورت ہے جس پر آئیڈیا کا منشور، سرگرمیاں اور ممبرزشپ کا ریکارڈ مرتب کیا جا سکے تاکہ تنظیم کی دلچسپی بھی بڑھے اور ممبرز معاملات سے جُڑے رہیں.
جوائنٹ سیکرٹری کاشف رحمن کاشف نے بھی سب سے پہلے تنظیم کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے پر زور دیا اور ممبرشپ کمپیوٹرائزڈ بنانے کی تجویز دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ممبر کا آن لائن ڈیٹا اور فارم مکمل ہونا چاہیے۔ تنظیم کی ماہانہ میٹنگز منعقد کی جائیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خصوصاً فیس بک پیج کو فعال رکھا جائے، اور آئین کی کاپی ہر ممبر کو فراہم کی جائے۔
سیکرٹری اطلاعات عمر فاروق نے ممبرشپ کے موجودہ نظام پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممبرز کے ریکارڈ کی درستگی یقینی بنائی جائے۔
ارسلان سدوزئی نے تنظیم کی فوری رجسٹریشن اور ڈیسک پر کام کرنے والے صحافیوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دینے کی تجویز دی۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ تنظیم کی رجسٹریشن اور ممبر شپ کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، جس کے لیے دو اہم کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
ممبرشپ کمیٹی میں عبدالجبار، کاشف رحمن کاشف اور وقار احمد شامل ہوں گے۔
رجسٹریشن کمیٹی نادر بلوچ، محبوب الرحمان تنولی، مقصود منتظر پر مشتمل ہوگی۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تنظیم کو جلد از جلد باقاعدہ اور فعال پلیٹ فارم بنایا جائے گا تاکہ ڈیسک ایڈیٹرز اور صحافی برادری کے مسائل مؤثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔ شرکاء نے تنظیم کو زیادہ فعال بنانے کیلئے تمام کابینہ کے فعال کردار ادا کرنے پر زور دیا.
نیشنل پریس کلب میں ہونے والے آئیڈیا کے اجلاس میں محبوب الرحمان تنولی ،کاشف رحمن، ارسلان سدوزئی ، راجہ عدنان، محمد عمر ، اور دیگر نے شرکت کی.
آئیڈیا کا اجلاس، تنظیم کی رجسٹریشن سمیت اہم فیصلے کئے گئے
Comments are closed.