فرانس مراکش کو 2 صفر سے ہرا کر فیفاورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا
فوٹو : سوشل میڈیا
دوحا: فرانس مراکش کو 2 صفر سے ہرا کر فیفاورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا، پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹائن نے کروشیا کو 3 صفر سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی.
قطر میں فیفاورلڈ کپ 2022 کا دوسرا سیمی فائنل البیت اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں دفاعی چیمپئن فرانس نے پانچویں منٹ میں ہی گول کرکے حریف پر نفسیاتی برتری حاصل کر لی.
دفاعی چیمپئن فرانس کی طرف سے یہ گول ہرنندیزنے کیا اس کے بعد سر توڑ کوششوں کے باوجود مراکش کی ٹیم گول برابر کرنے میں ناکام رہی، اس دوران کئی یقینی مواقعے ضائع کر دئیے.
میچ کے 79 ویں منٹ میں گراونڈ میں آخری لمحات میں اترنے والے کولو موہانی نے گول کرکے فرانس کی جیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی، موہانی نے گراونڈ میں آتے ہی 48 ویں سیکنڈ بعد گول کیا.
میچ کے دوران مراکش کے پاس بال پوزیشن 62 فیصد رہی جبکہ فرانس کے 363 پاسز کے مقابلے میں مراکش کے پاسز کی تعداد 575 رہی، 3 کارنر بھی حاصل کئے تاہم گول کرنے میں ناکام رہے.
فائنل 18 دسمبر اتوار کو ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان کھیلا جائے گا، ارجنٹائن نے پہلے سیمی فائنل میں کروشیا کو 3 صفر کے واضح فرق سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے.
Comments are closed.