سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو آخری سنچری بنائے ہزار دن گزر گئے

فوٹو: فائل

لاہور: سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو آخری سنچری بنائے ہزار دن گزر گئے، انہوں نے 23 نومبر 2019 میں بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں آخری سنچری اسکور کی تھی۔

ویرات کوہلی کو بھارتی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے اور پھر ٹیم سے باہر کرنے سے ان کے اعتماد میں کمی آئی ہے اور توقعات کے پہاڑ نے ان کی کارکردگی کے تسلسل کو توڑا ہے، پاکستانی کپتان نے ایک ٹویٹ میں ویرات کو کہا تھا یہ دن بھی گزر جائیں گے۔

ویرات کوہلی نے2008ء میں ڈیبیو کیا تھا کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ میں اب تک 70 سنچریاں بنا چکے ہیں اور خاص کر ایک عرصہ تک وہ رینکگ میں بھی پہلی پوزیشن پر براجمان رہے ہیں۔

تب غیرملکی کھلاڑی اور کمنٹیٹرز ویرات کوہلی کی انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کی تعریف کرتے نہیں تھکتے تھے تاہم اب ان کے بلے کی خاموشی کے باعث سوشل میڈیا پر انہیں کافی تنقید کا سامنا ہے۔

ویرات کوہلی کے مداحوں کو امید ہے کہ اسٹار بیٹر جلد اپنی پرانی فارم بحال کرلیں گے اور باصلاحیت بیٹر کسی بھی وقت فارم میں واپس آ جائیں گے ۔

سابق بھارتی کرکٹرز نے کوہلی کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا جس کے بعد کوہلی کو زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے دورے میں شامل نہیں کیا گیا، تاہم وہ رواں ماہ شروع ہونے والے ایشیا کپ کا حصہ ہیں۔

Comments are closed.