پاکستان کو دوسرے میچ میں بھی 8وکٹوں سے شکست

0

شارجہ(زمینی حقائق ) آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان نےمقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی۔ انہوں نے گیارہ چوکوں کی مدد سے 115 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا جیت میں کینگرو کپتان ایرن فنچ نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 143 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 155 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف اس فتح میں بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے عثمان خواجہ نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے 8 چوکوں کی مدد سے 88 رنز کی اننگز کھیلی۔

دیگر بلے بازوں میں گلین میکسویل نے 19 جبکہ شان مارش نے 11 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ کے حصے میں ہی صرف ایک وکٹ آئی۔ انہوں نے 60 رنز دے کر عثمان خواجہ کی وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی میکسویل تھے جنھیں حارث سہیل نے رن آؤٹ کیا۔

یوں آسٹریلیا نے صرف دو کٹوں کے نقصان پر 285 رنز کا ہدف سینتالیس اعشاریہ پانچ اوورز میں حاصل کر کے یہ فتح اپنے نام کی۔

اس سے قبل دوسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا امام الحق صفر جبکہ شان مسعود صرف 19 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور کپتان شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ محمد رضوان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی اور 11 چوکوں کی مدد سے 115 رنز کی اننگز کھیلی۔

شعیب ملک نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں حارث سہیل 34 اور عمر اکمل 16 رنز ہی بنا سکے جبکہ عماد وسیم 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے رچرڈسن اور نائل نے دو دو جبکہ لیون، زامپا اور فنچ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.