میجر عدنان سمیع کی بھارت سے با حفاظت واپسی کیلئے مظاہرہ
کراچی(ویب ڈیسک ) کراچی کے نوجوانوں نے پاک فوج اور پاکستان کے خلاف بیان دینے والے گلوکار عدنان سمیع کی باحفاظت وطن واپسی کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان کی شہرت چھوڑ کر بھارت میں سکونت اختیار کرنے والے عدنان سمیع کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے انہیں میجر قرار دیا تو اب اْن کی باحفاظت واپسی کے لیے مظاہرہ بھی کردیا گیا۔
یہ مظاہرہ کراچی پریس کلب کے باہر کیا گیا ، مظاہرین نے عدنان سمیع کی واپسی کا مطالبہ کیا اور مزاحیہ نعرے لگائے۔
گلوکار کی واپسی کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر مظاہرے کا اعلان کیا تھا، ایونٹ میں شرکت کے لیے فیس بک کے 22 ہزار سے زائد صارفین نے شرکت کی دلچسپی ظاہر کی تھی۔
پریس کلب کے باہر مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ عدنان سمیع نے پاکستان اور پاک فوج کے خلاف بیان دیا، یہ مظاہرہ دراصل اْس کا ہی ردعمل ہے، ہم حمایت نہیں بلکہ مخالفت کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ پلوامہ حملے اور پاکستان کے خلاف جارحیت کے بعد عدنان سمیع نے ملک مخالف بیان دیا تھا جس پر اْن کے خلاف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر #MajorAdnanSami ہیش ٹیگ چلایا گیا تھا ۔
جس میں صارفین نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ وہ بھارت میں پاکستان کا جاسوس ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے یہ مزاق انتقاماً کیا کیونکہ انہیں عدنان سمیع کے بیان پرتکلیف پہنچی تھی۔