رضوان کی سلطانز نے سرفراز کی گلیڈی ایٹرز کے جبڑوں سے فتح چھین لی

فوٹو: پی ایس ایل

کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)رضوان کی سلطانز نے سرفراز کی گلیڈی ایٹرز کے جبڑوں سے فتح چھین لی،سرفراز احمد ٹاس جیت کر بھی دھوکہ دے گئے۔

پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے ایک ہارا ہوا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے حق میں کرلیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور اس میچ میں سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو صفر کی خفت اٹھانا پڑی۔

کپتان کے صفر پر آوٹ ہونے کے باوجود شان مسعود نے ذمہ داری لی اور ٹیم کو ٹوٹل 174تک پہنچا دیا،175 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 20 ویں اوور میں 168 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پہلے کھیلتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر174 رنز بنائے ، شان مسعود 88رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں شان مسعود اور صہیب مقصود کے درمیان 50 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم 62 رنز کے مجموعی اسکور پر صہیب 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ملتان کو تیسرا نقصان رائیلی روسو کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ بھی 21 رنز بناسکے تاہم دوسرے اینڈ سے شان مسعود کا لاٹھی چارج جاری رہا اور وہ 88 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ملتان کے ٹم ڈیوڈ 28 اور خوشدل شاہ 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ نسیم شاہ کے حصے میں آئی ، ایک رن آوٹ ہوا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کا آغاز متاثر کن نہیں تھا، 14 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر وِل اسمیڈ 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ کو دوسرا نقصان اوپنر احسان علی کی صورت میں اٹھانا پڑا، 24 رنز بناسکے جبکہ بین بھی ڈکٹ 47 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے،افتخار احمد نے عمران خا ن سینئر کے ایک اوور میں24رنز بنا کر جیت کی راہ ہموار کی مگر خود30رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔

اختتامی اوورز میں پہلے جمیز فوکنراور سہیل تنویر نے کچھ مزاحمت کی اور تیزی سے رنز بنائے لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے،افتخار احمد 13 گیندوں پر 30 اور فاکنر 12 گیندوں پر 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آخری اوور میں جیت کیلئے 8 رنز درکار تھے جبکہ اس کے پاس صرف ایک وکٹ موجود تھی،تاہم ڈیوڈ ویلی نے نسیم شاہ کو رنز نہ بنانے دیئے اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر نسیم شاہ کو ڈیوڈ کے ہاتھوں کیچ کروا کر اپنی ٹیم کو 6 رنز سے کامیابی دلوادی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی اور عمران طاہر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، ڈویوڈ ویلی نے آخری لمحات میں زبر دست باولنگ کی جب کہ شاہنواز دھانی مہنگے باولر ثابت ہوئے اور آف کلر دکھائی دیئے۔

ملطان سلطانز کی ٹیم اپنے تین میچز جیت کر ٹاپ پر ہے جب کہ کراچی کنگز اپنے تینوں میچز ہارنے کے بعد پوائنٹ پوزیشن میں آخری نمبر پر ہے ، رن اوسط کے لحاظ سے اسلام آباد یونائٹیڈ کی پوزیشن مضبوط ہے۔

Comments are closed.