پاکستان سمیت 9ممالک کی خواتین کرکٹرز زمبابوے میں پھنس گئیں

لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سمیت 9ممالک کی خواتین کرکٹرز زمبابوے میں پھنس گئیں، کورونا کی پاپندیوں کے باعث انھیں زمبابوے سے نکالنے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔

جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی ایک اور نئی قسم اومی کرون سامنے آنے کے بعد آئی سی سی نے ویمن ورلڈکپ کوالیفائرز زمبابوے سے باہر لیجانے پر غور شروع کردیا ہے جب کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک نے فضائی سفر پر بھی پابندیاں لگا دی ہیں۔

تازہ ترین رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی جانب سے بھی پروازیں معطل ہونے پر کرکٹ حکام پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں اور حکام 29 نومبر کو پابندی کے اطلاق سے قبل ٹیموں کو دبئی لانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

اس بات کا امکان پیدا ہوگیا ہے کہ زمبابوے میں جاری ویمن ورلڈکپ کوالیفائرز کے بقیہ میچز دبئی میں کھیلے جائیں تاہم اب ٹیموں کو وہاں سے نکال کر دبئی لانے کا چیلنج بھی درپیش ہے کیونکہ فضائی پابندیوں کی ڈیڈ لائن قریب ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اس وقت پاکستان سمیت 9 ملکوں کی خواتین ٹیمیں زمبابوے میں موجود ہیں، قومی ویمن ٹیم کی زمبابوے موجودگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی اور ٹیم سے رابطے میں ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی ٹورنامنٹ کو معطل کرنے سمیت متعدد آپشن پر بھی غور کررہا ہے اور اگر یہ ایونٹ معطل کردیا گیا تو پھر یہ ٹیمیں وہیں سے ہی اپنے اپنے ممالک روانہ ہوں گی۔

جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے باعث یو اے ای حکام نے زمبابوے سمیت 6 افریقی ملکوں پر فلائٹس کی پابندیاں لگا دی گئی ہیں اسی وجہ سے تشویش میں اضافہ ہو گیاہے۔

اب تک کر کرکٹ سرگرمیوں کیلئے یو اے ای کو ہی محفوظ مقام سمجھا جارہاہے اور حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کے بعد دیگر ممالک بھی متحدہ عرب امارت میں کھیلنے کیلئے رضا مند رہتے ہیں۔

Comments are closed.