عمران خان نے مہنگائی کرکے قوم کو رلانے کا وعدہ پورا کردیا، مریم نواز

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام )مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ حمزہ شہباز بہت اچھا انسان لیکن ہماری سوچ ،آرا اور طریقہ کار مختلف ہے تاہم ہمارے گھر اور جماعت کے سربراہ صرف نواز شریف ہیں۔

مریم نواز نے لاہور میں پارٹی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دل سے شہبازشریف کی خدمات کی معترف ہوں، اگر شہباز شریف کی حکومت ہوتی تو ادویات گھروں میں مل رہی ہوتیں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ان کے ایک پیج پر ہونے کے باوجود عمران خان نے ایک ہی وعدہ پورا کیا ہے کہ میں قوم کو رلاؤں گا، مہنگائی اور بد انتظامی سے رلا دیاہے قوم کو ،ایسی حکومت بنادی ہے جس کے ساتھ اب قوم نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں ڈکٹیٹر شپ کے دور سے زیادہ برے حربے استعمال ہوئے لیکن تمام حربوں کے باوجود الحمد اللہ ہمیں بڑی کامیابی ملی جب کہ کشمیر کے الیکشن میں ہم ٹی وی پر ہرادیے گئے تھے، حکمران جماعت نے 6 لاکھ اور ہم نے 5 لاکھ ووٹ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو بند کیا جاتا ہے اور مخالفین کو دبایا جاتا ہے، آج میڈیاکے لوگ نوکریوں سے فارغ ہیں، وہ کہنے پر مجبور ہیں کہ ڈٹ کر نواز شریف کی مخالفت کی لیکن کبھی زبان بندی نہیں ہوئی۔

مریم نواز نے یہ بھی واضح کیا کہ نوازشریف نے چند افراد پر تنقیدکی، ادارے پر نہیں، یہ تنقید کسی ذاتی مفادیا غصے کی وجہ سے نہیں نظریے کی وجہ سے ہے، قدرت کا اصول ہے وقت ایک جیسا نہیں رہتا اور ہم وقت بدلتا دیکھ رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم نے 2018 کے الیکشن میں ساہیوال میں صرف ایک سیٹ ہاری،ان کا کہنا تھا کہ آج بھی آپ کے چہرے پر جیت، کمٹمنٹ کا جذبہ اور چمک دیکھ رہی ہوں، یہ چمک صرف ان چہروں پر رہتی ہے، جو قیادت سے وابستہ رہتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا ماضی، حال اور مستقبل مسلم لیگ (ن) ہی ہے، ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ اس ملک کوغلط ہاتھوں میں نہ جانے دیں، ہم وقت کو بدلتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

Comments are closed.