کولن انگرام کا ون مین شو،کراچی کنگ نے کوہٹہ گلیڈی ایٹرکوزیر کر لیا
شارجہ(سپورٹس ڈیسک )پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے 15 ویں میچ میں کولن انگرام کا ون مین شو ناقابل شکست سنچری بنا کرمیچ کا پانسہ پلٹ دیا، کراچی کنگز نے کوئٹہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 187 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کولن انگرام نے 59 گیندوں پر 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح دلائی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احسن علی نے کیا تاہم احسن علی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ روسو اور عمر اکمل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے مدمقابل ٹیم کو بڑا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
آخری 2 اوورز میں انور علی نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 6 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز 186 رنز بنائے اور اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عمر اکمل 55، روسو 44، انور علی 27 اور شین واٹسن 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عامر یامین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سب سے مہنگے بولر محمد عامر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 39 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کی جانب سے اننگز کا اغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا تاہم بابر اعظم پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کولن منرو 3 اور اویس ضیاء 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹر انگرام اور لیونگ اسٹون نے شاندار کھیل پیش کیا اور ٹیم کا اسکور 145 تک پہنچایا۔
لیونگ اسٹون 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کوئٹہ کے بولرز مزید کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے اور کراچی کنگز نے ہدف 18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا
کراچی کنگز کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑی کولن انگرام نے پی ایس ایل 4 کی پہلی سنچری اپنے نام کی۔
انگرام نے 127 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔ شاندار بیٹنگ پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔