بالا کوٹ و زلزلہ زدہ علاقوں میں تعمیر نو مکمل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )وزیراعظم عمران خان نے زلزلہ زدہ علاقوں میں تعمیرنو کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے اور کہا ہے کہ لوگ کتنے سالوں سے تعمیر نو کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم کی صدارت میں زلزلہ زدگان کی بحالی کے ادارے ایرا کی کارکردگی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں زلزلہ زدہ علاقوں کی تعمیر نو اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نیو بالاکوٹ سٹی کی تعمیر سے متعلق بھی بریفنگ بھی دی گئی جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پندرہ سال سے زائد عرصہ گزر چکاہے ان علاقوں میں کام مکمل نہیں ہو سکا انھوں نے کہا تعمیر نو جلد مکمل کی جائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ERRA کے جاری تعمیر نو اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ 2006 میں اپنے قیام کے بعد سے اب تک ERRA نے اپنے 14،704 منصوبوں کے ترقیاتی پورٹ فولیو کا 75٪ مکمل کرلیا ہے، جبکہ ان میں سے 14٪ زیر تعمیر ہیں۔ pic.twitter.com/SPXZpw9xFA
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) July 10, 2021
اجلاس میں وزیراعظم نے زلزلہ زدگان کی سہولت کے لئے جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے زلزلہ زدہ علاقوں کی تعمیرنو کا کام جلد مکمل کرنے پر توجہ دیں۔
اجلاس میں وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر، چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر اعلی حکام نے بھی شرکت کی اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2006 سے اب تک ایرا نے اپنے 14 ہزار 714 منصوبوں کا 75فیصد مکمل کرلیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایرا کی جانب سے 14 فیصد ترقیاتی منصوبے تاحال زیر تعمیر ہیں، زیر تعمیر منصوبوں میں خیبرپختونخوا کے 885 اور آزادکشمیر کے 1214 منصوبے شامل ہیں۔
واضح رہے 8اکتوبر2005کو آنے والے زلزلہ میں 40ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے اور انفرسٹرکچر تباہ ہو گیا تھا خاص کر اس زلزلہ سے بالا کوٹ او ر مظفر آباد میں زیادہ جانی نقصان ہوا۔