اٹلی ہائی کمیشن سے ایک ہزار ویزہ سٹکر چوری، کھلبلی مچ گئی
اسلام آباد(شکیل تنولی) اسلام آباد میں قائم اٹلی ہائی کمیشن کے ویزہ سیکشن سے 1000 شینجن ویزہ اسٹکرز چوری کر لئیے گئے ہیں اٹالین حکام سے وفاقی تحقیقاتی ادارے سے رجوع کر لیا.
ذرائع کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی منفرد چوری اور دنیا میں کسی بھی سفارتخانہ سے ویزہ اسٹکرز چوری ہونے کی سب سے بڑی چوری کی واردات بتائی جاتی ہےجس کے بعد سفارتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے .
یہ شینجن ویزہ اسٹکرزاٹالین ایمبیسی کے ویزہ لاکرز میں رکھے ہوئے تھے جو چوری کرلئے گئے ہیں ،اٹلی کے ہائی کمشنر انڈریس فراریز(Andreas Ferrarese) نے پاکستان فارن آفس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو تحقیقات لیے خط لکھ دیا ہے.
ذرائع کے مطابق چوری ہونے والے 750شینجن ویزہ اسٹکرز سیریل نمبرز ITA041913251 تا ITA041914000جبکہ 250 ویزہ سٹکرز کا سیریل نمبر ITA041915751 تا ITA041916000 بتائے گئے ہیں.
اٹلی ہائی کمیشن نے وفاقی تحقیقاتی ادارے اور فارن آفس سے استدعا کی ہے کہ ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس پر ان سیریل نمبرز کے حامل پاسپورٹس پر سفر کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے.
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پکڑے جانے والوں سے متعلق ایمبیسی کو مطلع کیا جائے تاکہ غیر قانونی ویزہ پر سفر کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا سکے.
شینجن ویزہ حاصل کرنے پر یورپ کے 20 سے زیادہ ممالک میں داخل ہونے کی اجازت ہے،ویزہ ایجنٹ شینجن ویزہ 12 سے 15 لاکھ میں بیچتے ہیں، ملکی ائیرپورٹس پر باضابطہ چیکنگ سے ملزمان کی گرفتاری ممکن ہے.
واضح رھے کہ ملک میں بیروزگاری سے تنگ بعض افراد اچھے مستقبل کیلئے روزگار حاصل کرنے کیلئے جعلی ویزوں پر یورپی ممالک کا رخ کرتے ھیں جن کو ویزہ مافیا لاکھوں روپے لیکر بیرون ممالک بھیجواتےہیں.