کولن منرو نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پرخچے اڑا دئیے، اسلام آبادکی 10 وکٹوں سے جیت

0

ابوظہبی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان سپر لیگ6 کے18 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پرخچے اڑا دئیے، کولن منرو بے رحمانہ لاٹھی چارج، 134 کا ہدف بغیر وکٹ کھوئے 10 ویں اوور میں پورا کر لیا.

ابو ظہبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی باولرز نے کپتان کے فیصلے کا بھرپور دفاع کیا۔

سرفراز احمد کی زیر قیادت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز کی شروعات سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 20 اوورز میں بمشکل 133رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔

گلیڈی ایٹرز کی طرف بلے باز جیک ویدرالڈ 43 رنز بناکر نمایاں رہے، ان کے علاوہ اعظم خان 26 ، عثمان خان 14 اور آندرے رسل نے 13 رنز بنائے کپتان سرفراز احمد صرف 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی ، محمد وسیم جونیئراور محمد موسیٰ نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عاکف جاوید اورشاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسان 134 رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز عثمان خواجہ اور کولن منرو نے ابتداء ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور مخالف ٹیم کے بولرز پر حاوی ہوگئے۔

کولن منرو نے 36 گیندوں پر 5 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ عثمان خواجہ بھی 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 10 اوورز میں 134 رنز کا ہدف 137 رنز بنا کر حاصل کرلیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

Leave A Reply

Your email address will not be published.