فرنچائز مالکان نے پی ایس ایل 6ملتوی کرنے کی تجویز دیدی
فوٹو: فائل
لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کو ملتوی کردیا جائے ، پی سی بی فرنچائزحکام نے تجویز بورڈ کے سامنے رکھ دی ، آج ہی لیگ کے باقی میچز کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہناہے کہ جنوبی افریقہ اور بھارت سے آنے والی چارٹرڈ فلائٹس کی وجہ سے زیادہ سوچ بچار کی جارہی ہے، گزشتہ ہفتے اجازت میں چارٹرڈ فلائٹس بھی شامل تھیں تاہم اب نئی چیلنجز درپیش ہیں۔
بتایا جاتاہے کہ آئندہ چند گھنٹے پی ایس ایل کے مستقبل کے حوالے سے اہم ہیں،کرکٹ بورڈ نے ابوظہبی کے متبادل وینیو پر غور کے لئے فرنچائز مالکان سے کچھ وقت مانگا ہے اور فیصلہ آج ہی ہونا متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل چھ کو ہر صورت مکمل کرنا چاہتاہے اور اس کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں اور شارجہ میں لیگ کے انعقاد کے آپشن کو بھی زیر غور لایا جانے لگا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج فرنچائز مالکان کی ایمرجنسی میٹنگ طلب کی تھی جس میں فرنچائزمالکان نے اپنی تجاویز دی ہیں جس پر پی سی بی کی طرف سے مشاروتی عمل جاری ہے۔
فرنچائز کی طرف سے مشکلات بیان کرکے پی ایس ایل ملتوی کرنے کی تجویز سامنے آنے کے بعد پی سی بی کی ہنگامی میٹنگ ویڈیو لنک پر ہو رہی ہے اور زیاد ہ تر شرکاء چاہتے ہیں پی ایس ایل چھ کو مکمل کیا جائے۔
پی ایس ایل ٹیموں کی چارٹرڈ پروازوں کو ابوظہبی لینڈنگ کی اجازت نہیں مل سکی ہے اماراتی سول ایوی ایشن کی جانب سے اجازت نامے کا انتظار ہے، رات دو بجے پی سی بی نے فلائٹس تاخیر سے روانہ ہونے کا بتایا تھا۔