ڈرون حملوں کی مخالفت کرنا عمران خان کا ڈرامہ نکلا ، مولانا فضل الرحمان

0


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پی ڈی ایم کے سربراہ و جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے پاکستان میں امریکی افواج کو ایئربیسز حوالے کرنے کی خبروں پر تشویش ہے، ایسا فیصلہ 2001 میں بھی کیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کا پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کی مخالفت کرنا ایک ڈرامہ ثابت ہوا، افغانستان کے خلاف پاکستانی سرزمین استعمال کیلئے دینا جنگ میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔

انھوں نے کہا کہ جنگ کے لیے اڈے دیں گے تو جنگ کو دعوت دیں گے، پاکستان کی سرزمین اور فضائیں کسی کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے، ان کا کہنا تھا حکومت نے پہلے ہی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس 2 دن جاری رہا، جس میں اہم قومی مسائل زیر غور آئے، اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کو بھرپور عوامی قوت کے ساتھ متحرک کیا جائے گا، 29 مئی کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلایا گیا ہے۔

اُن کاکہنا تھا کہ جے یو آئی اس پی ڈی ایم کے اجلاس میں اپنی تجاویز دے گی، تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت سے لائحہ عمل طے کریں گے۔ یہ بھی کہا کہ فاٹا میں نیا نظام غیر موثر ثابت ہوا، حکومت صورتحال کو قابو کرنے میں بے بس ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ملکی اوربین الاقوامی اداروں کی رپورٹیں ہمارے موقف سے اتفاق کرتی ہیں، حکومت نے سازش کے تحت مغرب کی تہذیب کو فروغ دیا۔

اُن کاکہنا تھا کہ جے یو آئی کی شوریٰ نے وقف املاک ایکٹ کو مسترد کردیا ہے، یہ قانون غیر آئینی ہے، اسے نظریاتی کونسل میں بھیجا جائے۔

جے یو آئی نے وفاق المدارس بورڈ کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے، ہمارے زیر انتظام مدارس سرکاری بورڈ میں شمولیت اختیار نہیں کریں گے، چاروں صوبوں اور قومی سطح پر مدارس کنونشن بلائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.