کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان کی درخواست پر کمیٹی بنانے کی منظوری دیدی
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی کابینہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی درخواست پر کمیٹی کی تشکیل دینے کی منظوری دے دی ہے کمیٹی وزارت داخلہ کی جانب سے تشکیل دی جائے گی۔
زیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں کے حوالے سے تفصیلات بتائیں ۔
کابینہ اجلاس میں فیصلوں کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ نے پی ٹی وی کی نئے بورڈ اور کیپٹن (ر)منیر اعظم کو چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ تعیناتی کی منظوری دے دی ہے اور سی پیک سے متعلقہ چینی شہریوں کیلئے خصوصی ویزہ پیکیج منظور کیا گیاہے۔
فواد چوہدری نے کہاملکی تاریخ میں زیادہ کابینہ اجلاس موجودہ حکومت میں ہوئے، پی ٹی آئی دورمیں ابتک226میٹنگ کابینہ کی ہو چکی ہیں جبکہ ن لیگ کے دور میں صرف 23میٹنگز ہوئی تھیں اور کابینہ کمیٹی کی ایک بھی میٹنگ پیپلزپارٹی دورمیں نہیں ہوئی۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو خراج تحیسن پیش کیا اور کہا معیشت ابھی استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے جبکہ فلسطین کے مسئلے پر پاکستان نے قائدانہ کردار ادا کیا ، جس پر وزیراعظم نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزارت خارجہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ترکی اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے ، مسلم امہ میں رنجشیں کم ہونے سے دنیا میں استحکام آئے گا اور رنجشیں کم ہونے سے فائدہ مسلم امہ کو بھی ہوگا۔
انھوں نے کہا الیکٹورل اصلاحات پر بابراعوان نے بریفنگ دی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اہم اصلاحات کا حصہ ہے ، الیکشن کمیشن کے فیس بک پیج پررپورٹ پر کابینہ نے تشویش کااظہار کیا، ہم الیکشن کمیشن کی جانب سے کارروائی کے منتظر ہیں، چیف الیکشن کمنشر کو اس رپورٹ پر وضاحت دینی چاہیے۔
فواد چوہدری نے اوور سیز پاکستانیوں سے متعلق کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ ایجنڈے کا اہم حصہ ہے، 85لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کے پاس اسوقت نائکوپ کارڈ ہے، انھوں نے کہا کہ کورونا سے متعلق سامان بوسنیا بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے نظرثانی کی درخواست دی گئی ہے، کابینہ نیکالعدم ٹی ایل پی درخواست پر کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی ہے، کمیٹی وزارت داخلہ کی جانب سے تشکیل دی جائے گی۔