پی ایس ایل6، اابوظہبی سے منظوری مل گئی، جون سے شروع
لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپرلیگ 6پر منڈلاتے سیاہ بادل چھٹ گئے ہیں اور ہاں ناں، ہا ں ناں کرتے کرتے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ابوظہبی سے گرین سگنل مل گیاہے۔
پاکستان کرکرٹ بورڈ نے سپرلیگ 6کے بقیہ میچز کھیلنے کیلئے رجوع کر رکھا تھا تاہم کورونا وائرس کے باعث تذبذب تھا تاہم اب یو اے ای حکومت نے ایونٹ مکمل کرنے کیلئے مکمل منظوری دے دی ہے۔
پاکستان سپر لیگ6کے آدھے سے زیادہ یعنی 34میں سے 20میچز ابھی کھیلے جانے ہیں14پاکستان میں کھیلے جا چکے تھے پھر اس کے بعد کھلاڑیوں اور آفیشل میں کورونا وائرس پازیٹو آنے پر بقیہ میچز موخر کردیئے گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے بقیہ 20 میچز ابو ظبی میں کرانے کے لیے منظوری ملنے کی تصدیق کردی ہے تاہم نیا شیڈول ابھی سامنے نہیں آیا تاہم جون کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں بقیہ میچز کاانعقاد کیا جاسکتاہے۔
بقیہ میچز کی منظوری ملنے کے باوجود خدشہ موجودہے کہ بیشتر انٹرنیشنل کھلاڑی اور کوچز دستیاب نہیں ہوں گے اور اس حوالے سے پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے درمیان مشاورتی اجلاس میں معاملات زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج پی سی بی اور تمام فرنچائز مالکان کے درمیان آن لائن اجلاس ہونا ہے جس کے بعد ایونٹ کے انعقاد سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔
ذرائع کا کہناہے کہ کورونا خدشات ہی نہیں بلکہ کورونا کے باعث مختلف ممالک میں سفری پابندیاں ، فلائٹس دستیاب نہ ہونا بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
ادھر کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ابوظبی میں ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں اور ایونٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت، ان کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، کرکٹ بورڈ اور ابوظبی اسپورٹس کونسل کے مشکور ہیں جنہوں نے ایونٹ کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔