این اے 249، دوبارہ گنتی ، مفتاح اسماعیل کے ووٹ مزید کم ہو گئے

0

فوٹو: فائل

کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)کراچی کے حلقے این اے 249 میں پہلے دن صرف60پولنگ اسٹیشنز کی گنتی ہو سکی، قادر مندو خیل کے مقابلے میں مفتا ح اسماعیل کے زیادہ ووٹ مسترد ہو گئے۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے بائیکاٹ کے باوجود ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری رکھا تاہم بتایا جاتاہے کہ دوبارہ گنتی مکمل ہونے میں مزید 2دن لگ سکتے ہیں ، پی ٹی آئی کے امید وار امجد آفریدی کے ووٹو ں میں مزید34ووٹوں کا اضافہ ہوگیا۔

دوبارہ گنتی کے دوران این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے کامیاب امیدوار قادر مندوخیل کے اب تک 134 ووٹ جبکہ دوبارہ گنتی کروانے والے ن لیگ کے مفتاح اسماعیل کے 194 ووٹ مسترد قرار دیے گئے ہیں۔

دوبارہ گنتی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالقادر مندوخیل اور ٹی ایل پی سمیت 2 آزاد امیدوار بھی موجود تھے ، اسی طرح ایم کیو ایم کے امیدوار حافظ مرسلین کے 108 ووٹ مسترد ہوگئے۔

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کرنے والی سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں ، حکام نے کہا ہے کہ
ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے میں مزید 2 دن لگیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کرنے والی سیاسی جماعتوں سے ووٹوں کے گنتی کے عمل میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے تاہم یہ بھی واضح کیا ہے کہ بائیکاٹ کے باوجود گنتی جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ فیصلے کے مطابق ڈالے گئے اور مسترد شدہ ووٹ گننے کا حکم دیا گیا تھا، امیدواروں کی جانب سے ڈالے گئے تمام ووٹوں کا ڈیٹا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، تاہم امیدواروں کو کسی بھی قسم کا انتخابی ڈیٹا فراہم کرنا ممکن نہیں۔

اس سے قبل جب ووٹوں کی دوبارہ گنتی شروع ہو نے جا رہی تھی اور تمام جماعتوں کے امیدوار ڈی آر او آفس میں موجود تھے مگر ووٹوں کے بیگز پر سیل نہ ہونے کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی کے سوا دیگر تمام جماعتوں نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر دیا۔

مسلم لیگ ن نے کراچی کے حلقہ این اے249میں دوبارہ گنتی کروانے کے بعد ایک بار پھر گنتی رکوانے کی درخواست دائر کردی ہے۔

این اے 249 کراچی سے مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے این اے 249 کراچی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی روکنے کی درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان میں دائر کی ہے۔

درخواست گزار مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کے نام دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر غیر استعمال شدہ بیلٹ پیپرز نہیں دکھا رہا۔

انہوں نے درخواست میں کہا ہے کہ کاونٹر فائلز بھی نہیں چیک کی جا رہیں، صرف درست اور ضائع ہونے والے ووٹ چیک کرائے جا رہے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے اپنی درخواست میں چیف الیکشن کمشنر سے استدعا کی ہے کہ آر او کو ضروری ہدایات تک دوبارہ گنتی کا عمل روکا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.