کورونا کا خوف، امیر بھارتی نجی طیاروں کے زریعے ملک چھوڑرہے ہیں
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)بھارت میں کورونا وبا ء کی گھمبیر صورتحال میں امیر بھارتی شہری نجی طیاروں کے زریعے دوسرے ممالک میں منتقل ہو رہے ہیں ، اداکاروں کی بڑی تعداد بھی چھٹیاں منانے اور مصروفیات کے بہانے بنا کر دوسرے ممالک میں جارہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے انڈین پروازوں پر پابندی کے اطلاق سے قبل کورونا سے خوفزدہ انڈین شہری ملک سے نکلنے کی کوششیں کر رہے ہیں وہ اس لئے کہ انڈیا میں کورونا وائرس کی صورتحال بے قابو ہے۔
گزشتہ جمعہ اور آج ہفتہ کو ممبئی سے دبئی جانے والی پروازوں کا یک طرفہ کرایہ ایک ہزار ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو عام قیمت سے دس گنا زیادہ ہے، وہ اس لئے کہ انڈیا سے امارات جانے والی پروازوں پر اتوار(25اپریل) سے پابندی عائد کر دی جائے گی۔
کورونا کی گھمبیر صورت حال کے باعث نڈیا میں امیر افراد ملک سے نکلنے کی دوڑ میں لگ گئے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف فضائی سفر کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے بلکہ پرائیوٹ جیٹ کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔
ادھر دہلی سے دبئی جانے والی پرواز کا کرایہ 50 ہزار انڈین روپے سے زیادہ ہے جو عام قیمت سے پانچ دگنا زیادہ ہے،اتوار کے لیے کوئی ایئر لائن ٹکٹ فراہم نہیں کر رہی، اس دن سے فلائٹ آپریشن دس دن کے لیے معطل کر دیے جائیں گے۔
اس صورتحال میں بھارتی چارٹر کمپنی ایئر چارٹر سروس انڈیا کے ترجمان کے مطابق پرائیویٹ جیٹ میں لوگوں کی دلچسپی حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی چارٹر سروس کی سنیچر کو 12 پروازیں دبئی روانہ ہوئیں ۔
اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک اور چارٹر کمپنی اینتھرال ایوی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ طلب کو پوار کرنے کے لیے مزید جہازوں کی درخواست کی ہے، جبکہ ممبئی سے دبئی جانے کے لیے 13 سیٹوں پر مشتمل جیٹ کی قیمت 38 ہزار ڈالر ہے۔
اسی سفرکیلئے اگر چھ سیٹوں پر مشتمل جہاز پر کوئی سفر کرتاہے تواس کا کرایہ 31 ہزار ڈالر ہے،عام دنوں میں انڈیا سے متحدہ عرب امارات کے لیے 300 کمرشل پروازیں ہفتہ وار چلائی جاتی ہیں۔
عرب امارات میں تقریباً 30 لاکھ سے زیادہ انڈین رہتے ہیں جو وہاں کی آبادی کا ایک تہائی حصہ ہیں، ان میں سے اکثر دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔
رپورٹس میں بتا یا جارہاہے کہ انڈیا میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافے کے بعد دارالحکومت دہلی اور ملک کے دوسرے علاقوں کے قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں میں جگہ کم پڑ رہی ہے، جس کے بعد اجتماعی تدفین اور چتائیں جلانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
اس صورتحال کے دوران بالی وڈ اداکار رنبیر کپور، ٹائیگر شروف، عالیہ بھٹ اور ڈشا پٹانی سمیت دیگر نے ملک چھوڑ دیا ہے اور تعطیلات گزارنے کیلئے مالدیپ پہنچے ہیں جبکہ گزشتہ روز شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور بیٹے آریان بھی امریکا روانہ ہوئے ۔