وزیراعظم نےکوہسار یونیورسٹی مری کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کوہسار یونیورسٹی مری کا افتتاح کردیا، مری میں پنجاب ہاؤس کو کوہسار یونیورسٹی کا حصہ بنادیا گیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کوہسار یونیورسٹی مری کا بین الاقوامی یونیورسٹی سے الحاق کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کلین اینڈ گرین مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مری میں ’ایک فیملی‘ کا بڑا سا گھر بنا ہوا تھا، 83 کروڑ روپے گھر کی خوبصورتی پر خرچ کیے، مری میں آبادی بڑھ چکی ہے، کوئی اسپتال نہیں، نتھیا گلی میں ایک چھوٹا سا اسپتال ہے.
انھوں نے کہا حکومت کا فرض ہے لوگوں کی صحت کا خیال رکھے، انہیں تعلیم دے۔ آج کل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے، میٹرک کے بعد بچے کو چھ ماہ کا کورس کرادیں وہ روزگار حاصل کرلیتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ قوم عظیم تب بنتی ہے جب آگے کا سوچتی ہے،اللہ نے ہمارے ملک کو جو نمعتیں بخشی ہیں، ہمیں خود نہیں پتہ، ہم ناشکری کرجاتے ہیں، اللہ نے پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں چھوڑی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوہسار یونیورسٹی سیاحت کے فروغ کیلئے بہت اہم ہے، پاکستان بدلنے والا ہے، سارے علاقے ترقی کریں گے، ہماری ٹورازم بڑھ رہی ہے، سوشل میڈیا کی وجہ سے ٹورازم بڑھ رہی ہے، ٹورازم پاکستان کا مستقبل ہے.
انھوں نے کہا کہ ہم صرف ٹورازم کی ترقی سے ملک کے قرضے ادا کرسکتے ہیں، برآمدات سے کہیں زیادہ ہم سیاحت کے ذریعے پیسہ کماسکتے ہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ مری میں وزیر اور بڑے بڑے لوگ مفت رہائش کرتے تھے، مری میں اتنے لوگ آجاتے ہیں کہ چلنے کی جگہ نہیں ہوتی، ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاحت کے لیے نئے پوائنٹ کھولیں، پاکستان سیاحت کے فروغ سے کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہےسیاحت سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔
مری میں پنجاب ہاوس کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گزشتہ سال جنوری میں دی تھی جب کہ گزشتہ سال دسمبر میں پنجاب ہاوس کو یونیورسٹی بنانے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب ہاوس مری کے ساتھ ساتھ ملحقہ 86کنال زمین بھی کوہسار یونیورسٹی میں شامل کی گئی ہے جس میں وقت کے ساتھ مزید توسیع بھی کی جائے گی۔
کوہساریونیورسٹی کے قیام کامقصد سیاحت کے شعبے میں تربیت یافتہ افرادی قوت پیدا کرنا ہے۔کوہسار یونیورسٹی میں ہوٹل منیجمنٹ سمیت سیاحت سے منسلک شعبوں میں تعلیم و تربیت پر توجہ دی جائے گی۔
کوہسار یونیورسٹی میں آرٹس اور سائنس مضامین بھی پڑھائے جائیں گے، اس مقصد کیلئے پنجاب ہاؤس مری کو کوہسار یونیورسٹی کا حصہ بنا دیا گیا ہے، اس دوران وزیراعظم مری میں ٹی بی سینیٹوریم کی اپ گریڈیشن کا افتتاح بھی کیا ۔
یونیورسٹی میں سیاحت کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو جدید طریقوں کے مطابق عملی تعلیم دی جائے گی اور اس کا الحاق معروف بین الاقوامی یونیورسٹی سے کیا جائے گا۔