ڈسکہ ، این اے75 ضمنی انتخاب، پولنگ جاری

0


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پنجاب کے شہر ڈسکہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ 75کی نشست کیلئے آج دوبارہ ضمنی انتخاب ہو رہا ہے اور پولنگ کا عمل جاری ہے ، مسلم لیگ ن اور حکمران جماعت تحریک انصاف اپنی برتری ثابت کرنے کیلئے میدان میں موجودہیں۔

گزشتہ ضمنی انتخابات میں فائرنگ، پریزائیڈنگ آفیسرز غائب ہونے اور نتائج میں تاخیر کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے دوبارہ انتخاب کرانے کااعلان کیا تھا جس کی بعد میں سپریم کورٹ کی طرف سے توثیق بھی آگئی ۔

ڈسکہ کیاین اے 75 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے نوشین افتخار اور تحریک انصاف کی جانب سے علی اسجد ملہی امیدوار ہیں، نوشین افتخار کی جانب سے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈسکہ شہر کی تمام اہم سڑکوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔

بظاہر پیپلز پارٹی نے ڈسکہ الیکشن میں مسلم لیگ( ن) کی امیدوار نوشین افتخار کی حمایت کا اعلان کر دیا اورقمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ڈی ایم میں اختلافات کے باوجود ڈسکہ میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کے اپنے اعلان پر قائم ہیں۔

واضح رہے کہ 2008ء ، 2013ء اور 2018ء میں این اے 75 ڈسکہ کی نشست مسلم لیگ (ن) کے پاس رہی تھی تاہم گزشتہ ضمنی انتخاب تحریک انصاف نے جیت لیا تھا جسے کالعدم قرار دیا گیا۔

2008ء میں موجودہ (ن) لیگی امیدوار نوشین افتخار کے شوہر سید مرتضیٰ امین، جبکہ 2013ء اور 2018ء میں سید افتخار الحسن کامیاب ہوئے تھے۔

پیپلز پارٹی کی طرف سے مسلم لیگ ن کی حمایت کے باوجود پی ڈی ایم میں پیدا ہونے والی مخالفت کے باعث جیالوں کی طرف سے ن لیگ کا مکمل ساتھ دینے کی امید کم ہے ایسے حالات میں جیالے صوبائی قیادت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہچکچا رہے ہیں۔

دوسری طرف کراچی میں این اے 249 میں فیصل ووڈا کے استعفیٰ کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب 29 اپریل کو ہو گا.

Leave A Reply

Your email address will not be published.