جنوبی افریقہ نے دوسرے میچ میں پاکستان کو 17 رنز سے ہرا دیا
اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقہ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 17 رنز سے ہرا دیا، فخر زمان کی 193 رنز کی میراتھن اننگز بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی، پاکستان کو جنوبی افریقہ نے جیت کیلئے 342 رنز کا ہدف دیا تھا، میزبان ٹیم نے مقررہ پچاس اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔
پاکستان نے مقررہ پچاس اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے، بابراعظم 31 اور آصف علی نے 23 رنز بنائے، فخززمان کا ون مین شو پاکستان کو فتح کے قریب لے آیا تھا لیکن پاکستان کے ٹیل نے کوئی مزاحمت نہیں دکھائی.
شاہین شاہ اور حارث روف وکٹ پر موجود رہنے کے باوجود رنز کرنے اور بانڈریز لگانے میں ناکام رہے، حسنین نے تین چوکے لگائے مگر تب تک بہت دیر ہوچکی تھی.
جنوبی افریقہ کی طرف سے بوما نے 92،ڈیکوک نے 80، ڈسن نے 60 اور ملر 50 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے، پاکستان کی طرف سے حارث روف نے 54 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کئے.
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ، فہیم اشرف اور حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، سیریز میں پاکستان کو ایک میچ جیت کر برتری حاصل تھی جو برابر ہو گئی ہے.
گزشتہ میچ میں بابر اعظم نے 76 ویں اننگز میں تیرہویں سنچری بنا کر ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ دیا، کم ترین میچوں میں 13 سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقا کو 3 وکٹ سے شکست دے دی تھی۔ میچ میں بابر اعظم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 103 جبکہ امام الحق نے 70 رنز بنائے تھے۔