بھارت کشمیرمیں استصواب رائے کیلئے ضروری اقدامات کرے، وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے بھارتی فوجی مہم جوئی کے خلاف جوابی کارروائی کے 2 سال پورے ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہادو سال قبل آج ہی کے روز ہم نے وقت اور جگہ کا انتخاب کر کے بطور قوم بھارت کو بھرپور جواب دیا۔
27 فروری 2019 کو پاکستانی فورسز نے بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو حراست میں لیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ بطور قابل فخر اور پرُ اعتماد قوم نے بھر پور جواب بھی دیا اور بھارت کا پکڑا گیا پائلٹ واپس کر کے بھارتی غیر ذمہ دارانہ فوجی اقدام پر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ امن کے لیے کام کرتے ہیں اور تمام مسائل کو ڈائیلاگ سے حل کرنے کا عزم رکھتے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیریوں کے استصواب رائے کا مطالبہ پورا کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
وزیراعظم نے پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطے پر کہا کہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی بحالی کا خیر مقدم کرتا ہوں، لیکن مزید پیشرفت کے لیے سازگار ماحول بنانے کی ذمہ داری بھارت پر ہے۔