پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منہ سے فتح چھین لی
کراچی ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 6کے ایک میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منہ سے فتح چھینتے ہوئے 3 وکٹوں سے لگاتار تیسری شکست دو چار کردیا۔
پشاور زلمی کی فتح میں کئی بیٹسمینوں نے کردار ادا کیا تاہم آخری لمحات میں کپتان وہاب ریاض اور رتھرفورڈ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ وہاب ریاض 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رتھرفورڈ 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس جوڑ ی سے قبل پشاور زلمی کی جانب سے دیگر بلے بازوں نے امام الحق 41، حیدر علی 50 اور شعیب ملک 34 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے تاہم کامران اکمل کا جادو نہ چل سکا۔
اس سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاو زلمی کو جیت کیلئے 199 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ سرفراز احمد نے صرف 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز بنائے۔
دیگر بلے بازوں میں اعظم خان اور فاف ڈوپلیسی کی جانب سے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنے شارٹس سے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔
اعظم خان نے 6 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 جبکہ فاف ڈوپلیسی نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پشاور زلمی کے باؤلرز کی خوب دھلائی کی۔ گلیڈٰ ایٹرز نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کے ثاقب محمود کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 34 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہاب ریاض کو54رنز کی پٹائی کے بعد دو اور محمد عمران کو ایک وکٹ ملی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کئی کیچز گرائے، مس فیلڈنگ کی ، اضافی رنز دیئے اور اس کے ساتھ ساتھ کپتان سرفراز احمد باولرز کا حوصلہ بڑھانے کی بجائے ہر اوورکے بعد انھیں ڈانٹتے رہے جس سے باولرز مزید کنفیوژ ہو گئے ۔