ہارس ٹریڈنگ ،صرف پیسے نہیں فائل کھلنے ویڈیوچلنےکے فون آتے ہیں، مریم نواز
لاہور (زمینی حقائق ڈاٹ کام) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ویڈیو بنانیوالے، پیسے لینے اور دینے والے یہ خود ہیں، مناسب ٹائمنگ دیکھ کر ویڈیو ریلیز کی گئی.
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی اصلیت عوام کے سامنے آگئی، ایک نالائق کو بچانے کیلئے ہر حربہ استعمال ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو توڑنے کی تاریخی کوشش ہوئی، نواز شریف کا نظریہ لوگوں نے دل سے اپنایا، آپ جماعت کو توڑ سکتے ہیں لیکن نظریے کو نہیں.
مریم نواز نے کہا پی ڈی ایم خفیہ رائے شماری کو سپورٹ نہیں کرتی، خفیہ بیلٹ میں صرف پیسہ نہیں چلتا، وفاداری تبدیل کرنے کیلئے فون کرائے جاتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک نالائق کو بچانے کیلئے سارے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، انصاف کے 2 نظام کیخلاف آواز اٹھا رہے ہیں، گلی گلی محلے محلے، آٹا اور بجلی چور کی آوازیں لگ رہی ہیں.
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا الیکشن اصلاحات ضرور کریں گے، پی ڈی ایم بھی یہی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا فیصلہ جعلی حکومت کیخلاف اور شیر کے حق میں ہوگا۔
مریم نواز نے کہا حکومت جتنے بھی ہتھکنڈےاستعمال کرلے انہیں ناکامی ہوگی، جہاں جہاں ووٹ ڈلے گا ن لیگ وہاں جیتےگی، جن کو بیک ڈور رابطوں کی ضرورت ہے وہی بندہ مشکل میں ہے، سلیکٹرزاور سلیکٹڈکاراستہ ہم روکیں گے.
انھوں نے کہا قانون سازی اور بات چیت بندہ تابعدار کے ساتھ نہیں ہوسکتی، تبدیلی کو ووٹ دینے والے چھپتے پھر رہے ہیں، ووٹرز نے اچھا کیا کیونکہ عمران خان کا بے نقاب ہونا ضروری تھا، تبدیلی کا نام لیکرووٹ لینےوالے کاچہرہ عوام کے سامنے آگیابہت اچھاہوا.
مریم نواز نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم بالکل خفیہ رائے شماری کو سپورٹ نہیں کرتی، لیکن ویڈیو بنانے، پیسے دینے اور لینے والے یہ خود ہیں، پیسے لینے اور دینے والے بھی خود ہیں، کسے بے وقوف بنارہے ہیں، عمران خان کہہ رہے ہیں ویڈیو کی ٹائمنگ نہ دیکھیں.
جب آپ کو ٹائمنگ زیب دیتی ہے تو چیرمین سینیٹ کا پورا الیکشن چوری کرلیتے ہو، اب تمہارے ارکان اسمبلی بھاگ رہے ہیں تو اب آپ کو ٹائمنگ یاد آگئی ہے، پی ڈی ایم اوپن بیلٹنگ کیخلاف نہیں بلکہ دوہرے معیار کیخلاف ہے اور اسے بے نقاب کرنا چاہتی ہے.
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا ہارس ٹریڈنگ صرف پیسوں سے نہیں ہوتی بلکہ فون کرائے جاتے ہیں کہ اپنی جماعت کو ووٹ نہ دو ورنہ تمہاری فائل کھل جائے گی اور ویڈیو جاری ہوجائے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو توڑنے کی تاریخی کوشش کی گئی ہے لیکن مسلم لیگ ن نظریاتی جماعت ہونے کی وجہ سے ٹوٹ نہیں سکی، اگر کوئی پارٹی کو چھوڑے گا عوام اس کا احتساب کریں گے۔
سیاست میں نہ گھسیٹنے سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میرے لئے محترم ہیں لیکن ان کی ایسی باتوں سے ان کا عوام میں مذاق اڑے گا، کیونکہ ایک کے بعد ایک چیز سامنے آئی ہے کہ کس طرح سینیٹ الیکشن چھینا گیا.
جسٹس شوکت عزیز صدیقی، جسٹس قاضی فائز کے ساتھ کیا ہوا، جج ملک ارشد کا معاملہ ہوا، آپ وہ بات کریں جو دنیا مانے ورنہ آپ کی اور آپ کے ادارے کی ساکھ خراب ہوگی، آپ رات کو دن کہہ کر بتائیں گے تو لوگ کہیں گے آپ جھوٹ بول رہے ہیں،غلط بیانی سے بہتر ہے خاموشی اختیار کریں۔
ہمیں بیک ڈور رابطے کی ضرورت نہیں، عوام پر مشکلات کی وجہ سے سلیکٹرز کو طعنے ملتے ہیں کہ یہ سوغات آپ لائے ہیں جس نے عوام کا بیڑہ غرق کردیا، جواب تو انہیں دینا پڑے گا اور عوام جواب لیں گے۔