النفیس اسپتال فراش ٹاون ،نشے میں دھت سکیورٹی گارڈ کا غل غپاڑہ
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)اسلام آباد کے پرائیویٹ النفیس اسپتال میں سکیورٹی پر مامور سکیورٹی گارڈ کا ایمرجنسی کے سامنے پارکنگ میں غل غپاڑہ ، موقع پر موجود لوگوں کو دھمکیا ں دیتا اور گالیاں دیتا رہا ، سکیورٹی انچار ج گارڈز کے ہمراہ اسے پکڑنے کی بجائے لوگوں سے الجھ گئے۔
سٹاف، مریضوں اور اسپتال میں آنے والوں کی حفاظت پر مامور سکیورٹی گارڈ نے اسرا یونیورسٹی سے محلقہ اسپتال کی ایمر جنسی کے باہر اچانک میلہ لگا دیا۔ سکیورٹی گارڈ مدہوش ہو کر چیختا چلاتا رہا۔۔ لوگوں سے کہتا رہا کسی میں جرت ہے تو آگے آ کر دکھاو۔
سکیورٹی گارڈ وردی میں ملبوس تھا تاہم خوش قسمتی سے اس کے ہاتھ میں غل غپاڑہ کرتے وقت گن نہیں تھی اس بات کا خدشہ موجود تھا کہ اس کے ہاتھ میں گن ہوتی تو وہ موقع پرموجود لوگوں پر فائر بھی کرسکتا تھا کیونکہ وہ ہوش میں نہیں تھا اور جو منہ میں آتا بولے جارہا تھا۔
سکیورٹی گارڈ کے غل غپاڑہ کرنے کی مختصر ویڈیو
سکیورٹی گارڈ نے کافی دیر تک ایمرجنسی کے سامنے شور شرابا ، دھمکیاں جاری رکھیں اس دوران جب قریب میڈیکل سٹور ، ایمرجنسی کے باہر اور پارکنگ ایریا میں خواتین بھی موجود تھیں تب وہ گالیاں اور دھمکیاں دیتا رہاجب کہ سات آٹھ سکیورٹی گارڈز اور ان کا انچارج تماشائی بنے رہے۔
اس دوران جب موقع پر موجود لوگوں نے سکیورٹی انچار ج سے کہا کہ اسے پکڑیں یہ کسی کو نقصان پہنچا دے گا تو سکیورٹی انچار ج صاحب غصہ کھا گئے اور کہا کہ آپ ٹینشن نہ لیں یہ میر ی ذمہ داری ہے۔
جب انھیں بتایا گیا کہ آپ کے سامنے یہ سب کچھ ہو رہا ہے دیکھیں یہ گالیاں بھی دے رہا ہے اور دھمکیاں بھی تو ایک اور سکیورٹی گارڈ نے جواب دیا کہ اس نے کچھ کھا لیا ہے۔۔۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ اس نے کیا کھایا ہے یا کیا پیا ہے۔
اس دوران اسپتال کے اندر اس منظر نے مریضوں اور ساتھ آنے والوں کو کافی دیر تک خوفزدہ کئے رکھا، بد قسمتی سے سکیورٹی انچار ج موجود ہو کر بھی ایکشن لینے اس کو پکڑ نے کی بجائے موقع پر موجود لوگوں سے الجھتے رہے، حالانکہ لوگ صورتحال سے خائف تھے۔
اس موقع پر وہاں موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ اسپتال میں اس طرح کی سکیورٹی ہے تو کسی کی جان بھی جاسکتی ہے۔ خاص کر سکیورٹی انچارج کے رویہ پر لوگوں نے افسوس کااظہار کیا ، لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ گارڈ کو نہ بھی پکڑیں کم سے کم مریضوں و لواحقین سے سیدھے منہ بات تو کریں۔
سکیورٹی انچار ج کی طرف سے موقف نہ ملنے پر ،نمائندہ زمینی حقائق ڈاٹ کام ، نے اسپتال کے متعلقہ حکام سے موقف لینے کا کہا تو موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے اسے زبردستی اسپتال کے احاطے سے باہر نکال دیا ۔